۔5 بجے تک کاروبار کی اجازت، اضلاع کے 7 اسمبلی حلقوں میں نرمی میں رعایت نہیں، کابینہ کے فیصلے
۔4 لاکھ 46 ہزار نئے راشن کارڈز کی اجرائی کا فیصلہ، 9 سابقہ اضلاع میں فوڈ پراسیسنگ زونس کا قیام
حیدرآباد۔ تلنگانہ لاک ڈاؤن میں چہارشنبہ سے مزید 10 دن کی توسیع کی گئی جبکہ نرمی کے اوقات میں اضافہ کیا گیا ۔ تلنگانہ کابینہ کا اجلاس چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کورونا صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کورونا کیسوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرکے تیسری لہر سے نمٹنے لاک ڈاؤن میں مزید 10 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا جبکہ نرمی کے اوقات صبح 6 تا شام بجے تک رہیں گے۔ عوام کو خرید و فروخت کیلئے 5 بجے تک اجازت ہوگی اور 6 بجے تک گھر واپسی کی رعایت رہے گی۔ دکانات اور تجارتی ادارے شام 5 بجے بند کردیئے جائیں گے۔ حکومت نے شام 6 بجے سے دوسرے دن صبح 6 بجے تک لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزراء نے کیسوں میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے عوام کی جانب سے رعایتی اوقات میں اضافہ کی نمائندگیوں سے واقف کرایا۔ کابینہ نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ شام 6 بجے سے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کریں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا صورتحال ستوپلی، مدھیرا ، نلگنڈہ، ناگرجنا ساگر، منگوڑ، دیور کنڈہ اور مریال گوڑہ اسمبلی حلقوں میں ابھی قابو میں نہیں ہے لہذا موجودہ لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کورونا صورتحال اور کیسوں کی تعداد پر محکمہ صحت کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر اضلاع میں صورتحال قابو میں ہے تاہم بعض دیہی علاقوں میں کیسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عہدیداروں نے 7 اسمبلی حلقوں کی نشاندہی کی ہے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیم مذکورہ اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کرکے صورتحال سے متعلق رپورٹ حکومت کوپیش کریگی ۔ناگرجنا ساگر میں کورونا صورتحال مکمل قابو میں نہیں ہے جس کے نتیجہ میں عہدیداروں نے توسیع کی سفارش کی۔ مذکورہ سات حلقوں میں نرمی کے اوقات میں اضافہ نہیں ہوگا بلکہ صبح 6 تا دوپہر ایک بجے تک دکانات کھلی رکھنے کی اجازت رہے گی اور عوام کو گھر واپسی کیلئے ایک گھنٹہ رعایت رہے گی۔ 2 بجے سے لاک ڈاؤن پر عمل ہوگا۔ کابینہ نے راشن کارڈز کی اجرائی کیلئے زیر التواء 446169 درخواستوں کی منظوری کا فیصلہ کیا ہے۔ ہدایت دی گئی کہ اندرون 15 یوم نئے راشن کارڈز جاری کریں ۔ واضح رہے کہ کورونا پر قابو پانے 20 اپریل سے 30اپریل تک نائیٹ کرفیو نافذ تھا جس میں 8 مئی تک توسیع دی گئی تھی بعد میں 12 مئی کو لاک ڈاؤن گیا۔ ابتداء میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات صبح 6 تا 10 بجے مقرر کئے گئے تھے بعد میں اسے دوپہر 2 بجے تک توسیع دی گئی۔ اب جبکہ کورونا کی صورتحال مزید بہتر ہوئی ہے لہذا حکومت نے دن بھر کے اوقات میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے حیدرآباد کے ماسواء باقی 9 سابقہ اضلاع میں تلنگانہ اسپیشل فوڈ پراسیسنگ زونس کے قیام کو منظوری دی ہے۔
اضافی نرمی کے اوقات پر کل سے عمل ہوگا
حیدرآباد۔ ریاستی کابینہ نے آج اپنے اجلاس میں ریاست میں لاک ڈاون میں نرمی کے اوقات میں جو اضافہ کیا ہے اس پر کل 10 جون جمعرات سے عمل ہوگا ۔ چہارشنبہ 9 جون کو سابقہ اوقات ہی برقرار رہیں گے ۔چہارشنبہ کو صبح 6 بجے تا ایک بجے دن نرمی رہے گی اور 2 بجے دن تک گھر واپسی کی سہولت رہے گی ۔ جمعرات 10 جون سے صبح 6 بجے سے شام 5 بجے تک دوکانات کھلی رہیں گی اور6 بجے شام تک گھر واپسی کی سہولت رہے گی ۔