حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ مہیلا وشوا ودیالیم یونیورسٹی کوٹھی ویمنس کالج کے ویمن سل کے زیر اہتمام بہ موضوع ’ صنفی مساوات کے لیے ڈیجیٹل اختراع اور ٹکنالوجی ‘ دو روزہ نیشنل ورک شاپ منعقد کیا گیا ۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ایم ویجولتا نے کی اور کنوینر کے فرائض ڈاکٹر وجے لکشمی کوآڈینٹر ویمن سل نے انجام دیے ۔ CEO ، WE ، HUB گورنمنٹ آف تلنگانہ دیپتی راولو نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر نیشنل کنوینر راشٹریہ مسلم منچ و ڈائرکٹر ریاست آسام محترمہ شالنی علی دہلی بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی ۔ محترمہ شالنی علی نے کہا کہ ’لڑکیوں کو ترقی ضرور کرنا چاہیے لیکن اپنے اپنے حدود میں رہ کر ، انہیں اپنی تہذیب و ثقافت ، ماں باپ کی تربیت کو ملحوظ رکھ کر آگے بڑھنا چاہیے ۔ انہوں نے ڈیجیٹل اختراع میں خواتین کو نظر انداز کیے جانے پر سوال اٹھائے کہ یہاں خواتین کی نمائندگی کم کیوں ہے اور اس معاملے میں عدم مساوات سے کیوں کام لیا جارہا ہے جب کہ دنیا کا ایسا کوئی شعبہ نہیں جہاں خواتین نے اپنا لوہا نہیں منوایا ۔ تنگ نظر لوگ ادب ، سماج ، اقتدار ہو کہ وقار ہر معاملے میں عورت کو کم سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے سیل فونس اور سوشیل میڈیا کا ضرورت کی حد تک استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکولی طالبات سے لے کر پسماندہ خواتین کو بھی خود مختار ، بہ اختیار اور بااعتماد بنانے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اور جدید ٹکنالوجی سے بھی آراستہ کرنا ضروری ہے ۔ اس کے لیے حکومتوں اور سرکردہ سماجی شخصیات کو آگے آنا چاہیے ۔۔