قطب اللہ پور 46 ہزار سرفہرست ، یاقوت پورہ27 ہزار ، ملک پیٹ 24 ہزار ‘ راجندر نگر 24 ہزار و نامپلی 24 ہزار شامل
حیدرآباد ۔28۔ اگست (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے دوران تلنگانہ میں تقریباً 10 لاکھ ناموں کو حذف کیا ہے جن کی نشاندہی بوگس ووٹرس کے طور پر کی گئی تھی۔ فہرست پر نظرثانی کے موقع پر ایک سے زائد ناموں کے اندراج اور فوت ہونے والے افراد کے ناموں کی برقراری کے علاوہ دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے 10 لاکھ ناموں کو فہرست سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق حذف کئے گئے 10 لاکھ ناموں میں 50 فیصد نام گریٹر حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات کے ہیں۔ قطب اللہ پور ، شیر لنگم پلی اور ایل بی نگر اسمبلی حلقہ جات میں سب سے زیادہ بوگس ووٹرس کی نشاندہی کرتے ہوئے ناموں کو حذف کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ قطب اللہ پور اسمبلی حلقہ میں تقریباً 50 ہزار بوگس ووٹرس کی نشاندہی کی گئی ۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، ملکاجگری ، کریم نگر ، نظام آباد ، کے اسمبلی حلقہ جات میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے دوران ایک سے زائد ناموں کی نشاندہی کی گئی۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق تین وجوہات کے تحت ناموں کو فہرست سے خارج کیا گیا ۔ فہرست میں ایک ہی نام کئی مقامات پر پائے گئے اس کے علاوہ ایک ہی تصویر کے ساتھ ایک سے زائد ناموں کی نشاندہی کی گئی۔ بعص مقامات پر رائے دہندوں کے نام ، عمر اور ایڈریس میں فرق پایا گیا۔ حقیقی تصویر ، نام اور ایڈریس کے ساتھ پائے جانے والے ناموں کو درست قرار دیتے ہوئے فہرست میں برقرار رکھا گیا ہے ۔ بعض معاملات میں رائے دہندے اپنا ایڈریس تبدیل کرچکے ہیں ، باوجود اس کے ان کے نام قدیم اسمبلی حلقہ میں برقرار رکھے گئے۔ کسی بھی رائے دہندہ کا نام دو حلقہ جات میں برقرار نہیں رہ سکتا۔ الیکشن کمیشن نے بوتھ سطح کے عہدیداروں کا تقرر کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشنوں میں عوام سے اعتراضات اور دعوے قبول کئے ۔ فارم 8 کے تحت ایڈریس کی تبدیلی کی درخواستیں قبول کی گئیں۔ الیکشن کمیشن نے نقائص سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری کیلئے ریاست بھر میں شعور بیداری مہم چلائی ہے۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق جن اسمبلی حلقہ جات میں نام حذف کئے گئے، ان میں قطب اللہ پور 46093 ، شیر لنگم پلی 40430 ، ایل بی نگر 39432 ، میڑچل 31648 ، مہیشورم 30160 ، جوبلی ہلز 29118 ، کوکٹ پلی 28344 ، یاقوت پورہ 27086 ، ملک پیٹ 24662 ، راجندر نگر 24296 ، نامپلی 24019 ، کریم نگر 22538 اور نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ سے 20992 ناموں کو حذف کیا گیا ۔
