تلنگانہ میں 11 آئی پی ایس آفیسرس کا تقرر

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے لیے پہلی مرتبہ 11 نوجوان آئی پی ایس ٹریننگ مکمل کرنے والے عہدیداروں کو مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نیشنل پولیس اکیڈیمی حیدرآباد میں ٹریننگ حاصل کرنے والے 71 ویں آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیداروں کے لیے کیڈر الاٹمنٹ کو مرکزی وزارت داخلہ و ڈی او پی ٹی ( ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ ) نے قطعیت دی ہے جس کی روشنی میں پہلی مرتبہ کثیر تعداد میں ریاست تلنگانہ کے لیے 11 آئی پی ایس ٹریننگ مکمل کرنے والے عہدیداروں کو الاٹ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ متحدہ آندھرا پردیش ریاست اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ 11 آئی پی ایس عہدیداروں کی ریاست تلنگانہ میں تعیناتی عمل میں لائی گئی جب کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں زیادہ سے زیادہ چھ آئی پی ایس عہدیداروں کی تعیناتی عمل میں لائی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ محض ریاست تلنگانہ میں اضلاع کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سے اضلاع میں ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے عہدوں پر تعینات کرنے کیلئے عہدیداروں کی کمی پائی جارہی تھی جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب ریاست کے لیے درکار آئی پی ایس عہدیداروں سے متعلق مرکزی وزارت داخلہ سے متعدد مرتبہ موثر نمائندگی کرتے ہوئے ریاست کے لیے زائد تعداد میں آئی پی ایس عہدیداروں کی تعیناتی عمل میں لانے کی خواہش کی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ محض آئی پی ایس عہدیداروں کی کمی کے باعث ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے عہدوں پر نان کیڈر عہدیداران پولیس کو بحیثیت ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے عہدوں پر فائز کرنے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے ۔۔