حیدرآباد ۔ 16 مارچ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں اور سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کا ضمنی انتخاب 13 مئی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کرکے شیڈول جاری کردیا، جس کے ساتھ ریاست میں انتخابی ضوابط اخلاق نافذ ہوگیا ۔ الیکشن کمشنر راجیوکمار نے آج دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران دیگر ریاستوں کے ساتھ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں اور سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کا اعلان کردیا ہے۔ ملک میں لوک سبھا انتخابات 7 مرحلوں میں ہونگے۔ چوتھے مرحلہ میںتلنگانہ میں انتخابات ہوں گے۔ 13 مئی کو تلنگانہ میں لوک سبھا اور اسمبلی ضمنی انتخاب کیلئے رائے دہی ہوگی۔ 18 تا 25 اپریل پرچہ نامزدگیاں قبول کی جائیں گی۔ 26 اپریل کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ ہوگی۔ 29 اپریل تک نامزدگیوں سے دستبرداری کی جاسکتی ہے۔ 13 مئی کو پولنگ ہوگی اور 4 جون کو نتائج جاری ہوں گے۔ راجیو کمار نے بتایا کہ سارے ملک میں 7 مرحلوں میں لوک سبھا انتخابات ہونگے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں چوتھے مرحلہ میں انتخابات منعقد ہونگے۔ ملک میں 26 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخاب ہونگے جن میں سکندرآباد کنٹونمنٹ حلقہ شامل ہے۔ اس حلقہ کی نمائندگی کرنے والی بی آر ایس رکن اسمبلی لاسیانندیتا حال ہی میں سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئی جس کی وجہ سے یہاں ضمنی انتخاب منعقد ہورہا ہے۔ 2