سائبر جرائم اور دھوکہ دہی کے معاملات اضافہ کی اصل وجہ ۔ ایم مہیندر ریڈی کی سالانہ پریس کانفرنس
حیدرآباد 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 2022 ء میں جرائم کی شرح میں 4.44 شرح کا اضافہ ہوا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی نے سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہاکہ جاریہ سال جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا اور اِس کا سبب سائبر کرائمس اور دھوکہ دہی کے معاملات ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 2022 ء میں سائبر کرائم کیسوں میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے جملہ 13895 مقدمات درج کئے گئے ۔ اُنھوں نے کہاکہ جرائم کی شرح میں اضافہ کا سبب دھوکہ دہی کا رجحان بھی ہے جس کی شرح 35 فیصد ہے۔ 2021 ء میں 15741 دھوکہ دہی کے مقدمات درج تھے جبکہ جاریہ سال دھوکہ دہی کے 22005 مقدمات درج کئے گئے ۔ اُنھوں نے کہاکہ قتل اور ڈکیتی میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس کی کڑی محنت کے نتیجہ میں ریاست میں سزا کی شرح میں 38 فیصد اضافہ ہوا اور 152 افراد کو عمر قید کی سزا ہوئی ۔ مہندر ریڈی نے کہاکہ 2022 ء میں گزشتہ سال کی بہ نسبت سڑک حادثات سے اموات میں معمولی اضافہ ہوا ۔ 6746 افراد ہلاک ہوئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست بھر میں چالانات کے ذریعہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے 612 کروڑ کی رقم وصول کی گئی اور 165,84,388 موٹر وہیکل ایکٹ کیس درج کئے گئے ۔ ڈی جی پی نے کہاکہ انسداد ماؤسٹ کارروائی اطمینان بخش رہی اور کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جاریہ سال 120 انتہا پسندوں نے ہتھیار ڈال دئے جبکہ پولیس نے اُن کے قبضہ سے 14 ہتھیار اور 12 کروڑ 65 لاکھ کی رقم بھی ضبط کی ہے۔ تلنگانہ پولیس کی نمایاں کارکردگی کے نتیجہ میں لاء اینڈ آرڈر کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ تمام تہوار اور عیدین کے موقع پر پولیس نے سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کئے ۔ اُنھوں نے تلنگانہ پولیس کی ستائش کی اور کہاکہ پاسپورٹ درخواستوں کی تنقیح میں گزشتہ 6 سال سے تلنگانہ پولیس سرفہرست ہے اور مرکزی وزارت خارجہ کی جانب سے تلنگانہ پولیس کو پاسپورٹ سیوا پرسکار عطا کیا گیا۔ مہیندر ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ پولیس نے انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کے ذریعہ ملک بھر میں مثال قائم کی ہے ۔ چیف منسٹر نے محکمہ پولیس کو مستحکم کرنے ہرممکن تعاون کیا ۔ ب