ٹی آر ایس حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام، کانگریس کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ایم پی نے نلگنڈہ ضلع کے دیور کنڈہ اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی۔ دیور کنڈہ پہنچنے پر اتم کمار ریڈی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کی رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے نصب کردہ سوامی ویویکانند کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ بعد میں کانگریس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2023 میں کانگریس تلنگانہ میں برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے ناراضگی کے نتیجہ میں اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس شکست سے دوچار ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں کے سی آر حکومت نے انتخابی وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ طلبہ اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا تھا جو آج تک پورا نہیں ہوا۔ سرکاری محکمہ جات میں ایک لاکھ 90 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہیں لیکن حکومت کو تقررات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نلگنڈہ کی تمام 12 اسمبلی نشستوں پر کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف عوام میں شعور بیداری کے ساتھ ساتھ جدوجہد کریں ۔ پارٹی کی جانب سے وقتاً فوقتاً اعلان کئے جانے والے احتجاجی پروگراموں میں حصہ لیں۔ اتم کمار ریڈی نے کارکنوں سے کہا کہ وہ برسراقتدار پارٹی کی جانب سے ہراسانی کی صورت میں خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ کانگریس پارٹی اور اس کی قیادت ان کے ساتھ رہے گی۔ر