تلنگانہ میں 2026 انتخابات کے سال میں تبدیل

   

تمام پارٹیاں انتخابی تیاریوں کے موڈ میں، کانگریس ۔ مجلس کی انتخابی مفاہمت یا دوستانہ مقابلے پر چہ میگوئیاں
حیدرآباد۔11جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں سال 2026 انتخابات کے سال میں تبدیل ہونے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاست میں جاریہ سال کے دوسرے مہینہ سے ہی انتخابات کا سلسلہ شروع ہوجائے گا سال 2026 کے اختتام تک انتخابات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ریاست میں تمام سیاسی جماعتیں بالخصوص برسراقتدار کانگریس ‘ اپوزیشن بھارت راشٹرسمیتی ‘ بھارتیہ جنتا پارٹی کے علاوہ مجلس اتحاد المسلمین انتخابی تیاریوں کے موڈ میں آچکے ہیں جبکہ مجلس اتحاد المسلمین تلنگانہ کے بعض اضلاع میں ہی مقابلہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور کہا جارہاہے کہ تلنگانہ کے کئی شہری بلدیات میں کانگریس۔ مجلس کے درمیان انتخابی مفاہمت ہوگی یا پھر دوستانہ مقابلہ کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ریاست میں شہری بلدیات کے انتخابات کے فروری میں انعقاد کی تیاریاں کی جار ہی ہے جبکہ فروری کے اختتام سے قبل بلدیات کے انتخابات کے عمل کو مکمل کرنے کے ساتھ ہی ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کا عمل شروع ہوگا جو کہ ماہ اپریل کے اواخر میں مکمل کئے جانے کا امکان ہے۔ اپریل میں اگر ان انتخابات کے عمل کو مکمل کرلیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں اس کے فوری بعد ڈسٹرکٹ کو آپریٹیومارکٹنگ سوسائیٹیز کے انتخابات اور ڈسٹرکٹ سنٹرل کو آپریٹیو بینک کے انتخابات کا عمل شروع ہوگا اور ان انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی خصوصی دلچسپی ہوتی ہے اور ارکان اسمبلی و منتخبہ نمائندوں کے علاوہ سیاسی جماعتیں ان انتخابات میں اپنے حامیوں کو کامیاب کروانے کے لئے کوشاں ہوتی ہیں۔ ایم پی ٹی سی زیڈ پی ٹی سی اور شہری بلدیات کے انتخابات کے عمل کی تکمیل اور مئی جون کے دوران مارکیٹنگ اور کوآپریٹیو بینک کے انتخابات کے عمل کو مکمل کئے جانے کے ساتھ ہی ریاست میں نظام آباد ادارہ جات مقامی کے تحت موجود رکن قانون ساز کونسل کی نشست کے انتخابات کے لئے اعلامیہ متوقع ہے کیونکہ جنوری میں کے کویتا کے استعفیٰ کو قبول کئے جانے کے بعد اندرون 6ماہ اس نشست پر انتخابی عمل کو مکمل کرنا الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ذمہ داری ہے لیکن اس کے لئے یہ ضروری ہے کہ نظام آباد بلدیہ کے علاوہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کے عمل کو اندرون 6ماہ مکمل کرتے ہوئے رکن قانون سازکونسل کے لئے رائے دہی میں حصہ لینے والے رائے دہندوں کی جامع مکمل فہرست الیکشن کمیشن آف انڈیا کو روانہ کی جائے ۔ ذرائع کے مطابق جون کے اواخر میں نظام آباد کی اس نشست پر انتخابی عمل کی تکمیل کے ساتھ ہی شہر حیدرآباد میں میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے لئے اعلامیہ جاری کیا جاسکتا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے عہدیداروں کا کہناہے جی ایچ ایم سی کی موجودہ معیاد کے اختتام کے ساتھ ہی بلدی امور کی نگرانی کے لئے اسپیشل آفیسر کا تقرر عمل میں لایا جائے گا اور انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بلدی حلقہ جات کی از سر نو حدبندی کے مطابق فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے عمل کی تکمیل کے ساتھ ہی ریاستی الیکشن کمیشن کو واقف کروادیا جائے گا ۔ ذرائع کا کہناہے کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کا انعقاد جاریہ سال ماہ ستمبر یا اکٹوبر میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔3