تلنگانہ میں 22 اکتوبر سے موسم سرد ہوگا

   

حیدرآباد۔18 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں 22 اکٹوبر سے سرد موسم کا آغاز ہوجائے گا اور شام سے ہی درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔ 22اکٹوبرسے دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد بالخصوص نواحی علاقوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اکٹوبر کے آخری ہفتہ سے شروع ہونے والی سردی کی لہر کا سلسلہ آئندہ ماہ بلکہ ختم سال تک جاری رہے گا لیکن آئندہ ماہ کے وسط میں درجہ حرارت میں کسی قدر اضافہ کا بھی امکان ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں موسم سرماکے آغاز کے سلسلہ میں ہونے والی تاخیر کی بنیاد پر یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ موسم گرما کی آمد میں تاخیر ہوگی کیونکہ اب تک کی موسمی صورتحال کے مطابق موسم گرما کا آغاز معینہ وقت پر ہونے کا امکان ہے لیکن موسم سرما کے دوران درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی ۔ بتایاجاتا ہے کہ 22اکٹوبر کی شام سے سرد ہوائوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اور دن میں موسم معمول کے مطابق رہے گا۔