تلنگانہ میں آئندہ تین دنوں میں بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں حالیہ عرصہ تک خشک موسم اور گرمی میں شدت کے تجربہ کے بعد محکمہ موسمیات نے 18 اگسٹ تک ریاست کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ ڈائرکٹر محکمہ موسمیات کے ناگا رتنا کے مطابق ریاست کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں آئندہ تین دنوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر علاقوں میں بارش کا اثر حیدرآباد پر بھی پڑ سکتا ہے۔ پیش قیاسی کی گئی ہے کہ ریاست کے مشرقی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوگی۔ خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے تازہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثر کے تحت بارش ہوگی۔ اسی دوران تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے کہا ہے کہ جاریہ سال مانسون میں معمول کے مطابق بارش ہوئی ہے اور 2 اضلاع میں معمول سے کہیں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ سوسائٹی کے مطابق 18 اضلاع میں معمول سے زائد اور 13 اضلاع میں معمول کے مطابق بارش ریکارڈ کی گئی۔