حیدرآباد۔ تلنگانہ میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں مالیاتی سال 2020-21 کے درمیان 7 فیصد اضافہ کی توقع ہے اور امکان ہے کہ 1.4 لاکھ کروڑ کا آئی ٹی ایکسپورٹ درج کیا جائے گا۔ ناسکام کے اعداد و شمار کے مطابق قومی سطح پر آئی ٹی ایکسپورٹ 1.9 فیصد درج کیا گیا ہے۔ گذشتہ تین سہ ماہی کے دوران تلنگانہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی کا ایکسپورٹ 5 تا6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ توقع ہے کہ چوتھے سہ ماہی میں 7 تا 8 فیصد اضافہ سے مزید بہتری آئے گی۔ ڈائرکٹر ایس ٹی پی آئی رام پرساد نے بتایا کہ مالیاتی سال 2019-20 میں آئی ٹی ایکسپورٹ 1.2 لاکھ کروڑ تھا جو گذشتہ سال کے مقابلہ 18 فیصد زائد درج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 40 ہزار نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں آئی ٹی انڈسٹری میں 1.38 لاکھ ملازمین کا اضافہ ہوا، اور مجموعی ملازمین کی تعداد 44.7 لاکھ ہوچکی ہے۔ دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ آئی ٹی ایکسپورٹ میں آگے ہے۔ 2019-20 کے دوران آئی ٹی انڈسٹری نے قابل لحاظ تعداد میں ملازمین کا اضافہ کیا ہے۔ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے باوجود تلنگانہ میں ملازمین کی تعداد کم نہیں ہوئی جبکہ کئی کمپنیوں نے ملازمین کو گھر سے کام کی اجازت دی ہے۔