تلنگانہ میں آشا ورکرس کو 4G سم کے ساتھ اسمارٹ فون کی فراہمی

   

صحت کے معاملہ میں اُتر پردیش پسماندہ، وزیر صحت ہریش راؤ کی تقریر

حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں 27 ہزار آشا ورکرس کو 4G سم اور اسمارٹ فون حوالے کئے جارہے ہیں۔ ہریش راؤ نے آج کاما ریڈی کلکٹریٹ میں آشا ورکرس کے درمیان موبائیل فونس کی تقسیم کے پروگرام میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا آغاز کاما ریڈی سے کرتے ہوئے انہیں خوشی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آشا ورکرس کو ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کرتے ہوئے عوام کو مزید بہتر خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے ٹی آر ایس نے آشا ورکرس کے حقوق کیلئے جدوجہد کی تھی اور آج اقتدار میں مسائل حل کرتے ہوئے ان کے وقار میں اضافہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آشا ورکرس کی تنخواہوں کو بڑھا کر9750 روپئے کردیا ہے جبکہ متحدہ آندھرا پردیش میں محض 15 سو روپئے ادا کئے جاتے تھے۔ وزیر اعظم کی آبائی ریاست گجرات میں آشا ورکرس کو 4 ہزار روپئے ادا کئے جاتے ہیں جبکہ مدھیہ پردیش میں 3 ہزار اور کانگریس زیر اقتدار راجستھان میں 3 ہزار روپئے تنخواہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور یوگی کی نمائندگی والا اُتر پردیش صحت کے بارے میں ملک میں پسماندہ ہے۔ ہیلت انفرااسٹرکچرکے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں تیسرے نمبر پر ہے اور ہم پہلے نمبر کیلئے مساعی کررہے ہیں۔ پروگرام میں رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل، گورنمنٹ وہپ گمپا گوردھن، رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی، ہنمنت شنڈے، ضلع کلکٹر جتیش پاٹل اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ر