20 سرکاری مراکز پر آر ٹی پی آر کی سہولت ، ڈائرکٹر محکمہ صحت ، ڈاکٹر جی سرینواس
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1لاکھ سے زائد کورونا وائرس کے معائنہ کئے گئے ۔ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹرجی سرینواس نے بتایا کہ محکمہ صحت کو حاصل ہونے والی تفصیلات میں 12ہزار341افراد نے خانگی لیباریٹریز میں اپنا کورونا وائرس کا معائنہ کروایا ہے اور سرکاری سہولتوں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے 89ہزار 645 افراد نے کورونا وائرس کا معائنہ کروایا ہے اس طرح گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جملہ 1لا کھ 1ہزار 986 افراد کے معائنہ کئے گئے ہیں۔محکمہ صحت کے میڈیکل بلیٹن کے مطابق ریاست میں 20سرکاری مراکز پر آرٹی پی سی آر معائنے کئے جا رہے ہیں اور 1064 مراکز پر ریاپڈ اینٹی جین معائنوں کی سہولت موجود ہے اس کے علاوہ ریاست بھر میں جملہ 60 خانگی لیباریٹریز میں آرٹی پی سی آر معائنہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔شہر حیدرآباد میں گذشتہ دو یوم سے سرکاری مراکز پر کورونا وائرس کا معائنہ کروانے والوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں اور خانگی دواخانوں میں کورونا وائرس کا معائنہ کی رپورٹ جو کہ اندرون 24 گھنٹے دی جانے لگی تھی اب اس کے لئے 24گھنٹے سے زائد وقت درکار ہورہا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے کہا کہ ابھی 3907 افراد کے معائنوں کی رپورٹ محکمہ کو موصول ہونی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایت کے مطابق ریاست بھر کے تمام اضلاع میں چوکسی اختیار کرتے ہوئے ضلع ہاسپٹلس میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور شہر حیدرآباد میں گاندھی ہاسپٹل میں موجود جملہ 500 کورونا وائرس کے بستروں میں 167 بستروں پر مریض موجود ہیں جبکہ چیسٹ ہاسپٹل میں 124بستر ہیں اور 16 مریض زیر علاج ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے مریضوں کی نشاندہی کے بعد ان کے دیگر افراد خاندان کے معائنوں کے سلسلہ میں بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ بیشتر میں برطانوی وائرس کے آثار نظر آرہے ہیں۔