تلنگانہ میں انڈیا اتحاد جماعتو ںکا چیف الیکشن کمشنر کیخلاف احتجاج

   

6 اکٹوبر کو ضلعی ہیڈکوارٹرس ، 8 اکٹوبر کو چلو لوک بھون احتجاج کا اعلان : مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے مرکزی حکومت اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اپوزیشن کے انڈیا اتحاد کے احتجاجی پروگرامس کے روڈ میاپ کا اعلان کردیا ہے ۔ تلنگانہ کے کیونسٹ جماعتوں ، ٹی جے ایس کے قائدین کے ساتھ گاندھی بھون میں ایک اجلاس منعقد کیا ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے گٹھ جوڑ پر سخت تنقید کی اور الزامات عائد کیا کہ ملک میں جمہوریت اور دستور کو پامال کیا جارہا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ مرکزی حکومت دستور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کا اندھا دھند استعمال کررہی ہے اور الیکشن کمیشن کو اپنے زیر اثر کرتے ہوئے تمام غیر قانونی کام کروارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام اتحادی جماعتیں 6 اکٹوبر کو ریاست کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرس پر جمع ہوں گی اور الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی ریالیاں منظم کرتے ہوئے کلکٹریٹ کا گھیراؤ کریں گے ۔ انڈیا اتحاد کے تمام اہم قائدین اور اتحادی جماعتیں 8 اکٹوبر کو حیدرآباد کے لوک بھون پر احتجاجی دھرنا منظم کریںگے ۔ الیکشن کمیشن کی دھاندلیوں اور بی جے پی کی آمرانہ پالیسیوں کے خلاف یکم نومبر کو چلو دہلی کا ایک قومی سطح کا پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔ مہیش کمار گوڑ نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کی منشاء کے مطابق لاکھوں اہل شہریوں کے نام ووٹر لسٹوں سے نکال رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو نہ صرف ان کے عہدے سے فوری طور پر ہٹایا جانا چاہئے بلکہ جمہوریت پر شب خون مارنے کے الزام میں ان کے خلاف کیس درج کرتے ہوئے فوری گرفتار کیا جائے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ مغربی بنگال میں چیف منسٹر ممتا بنرجی کی جماعت کو صرف اور صرف الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں میں کی گئی دھاندلی اور ایس آئی آر کی سطح پر ہٹائے گئے ووٹوں کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ انڈیا اتحاد کی جماعتوں میں کانگریس ، سی پی آئی ، سی پی ایم ، سماج وادی پارٹی ، تلنگانہ جناسمیتی ، بی سی جنا سمیتی ، آر جے ڈی کے قائدین نے شرکت کی ۔۔ 2/a/b