نائب صدرنشین قومی اقلیتی کمیشن عاطف رشید کا دورہ وقف بورڈ، الحاج محمد سلیم دیگر کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد : نائب صدرنشین قومی اقلیتی کمیشن عاطف رشید نے تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ترقی کے لئے مرکز سے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سنٹرل وقف کونسل سے ریاستی وقف بورڈ کو گرانٹ منظور کی جاتی ہے تاکہ اوقافی جائیدادوں کی ترقی سے آمدنی میں اضافہ ہو۔ عاطف رشید نے آج تلنگانہ وقف بورڈ پہنچ کر ریاست میں اوقافی املاک کی صورتحال اور حکومت کی مختلف فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے خیرمقدم کیا۔ عاطف رشید نے وقف بورڈ کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ ملک بھر میں اوقافی جائیدادوں کی ترقی کے ذریعہ مسلمانوں کی بھلائی کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ قومی اقلیتی کمیشن مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی اسکیمات کا جائزہ لے رہا ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ تلنگانہ میں 33929 رجسٹرڈ وقف جائیدادیں ہیں جن کے تحت 77538 ایکر اراضی موجود ہے۔ 57423 ایکر اراضی پر ناجائز قبضے ہیں۔ حکومت کے تعاون سے تلنگانہ وقف بورڈ نے غیرمجاز قابضین کے خلاف کارروائی شروع کی ہے۔ حالیہ عرصہ میں کئی ضمنی اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کیا گیا۔ عدالتوں میں مؤثر پیروی کیلئے سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی گئیں۔ مختلف عدالتوں میں 2892 مقدمات زیردوران ہیں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ وقف بورڈ کو جانب سے ائمہ مؤذنین کو ماہانہ اعزازیہ، مطلقہ قوانین کو وظائف جاری کئے جاتے ہیں۔ 10,000 ائمہ مؤذنین کو ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ جاری کیا جاتا ہے۔ مساجد اور درگاہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے گرانٹ ان ایڈ منظور کی جاتی ہے۔ اوقافی جائیدادوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کیا جارہا ہے۔ محمد سلیم نے بورڈ کے ارکان کا تعارف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ اوقافی جائیدادوں کے غیرقانونی رجسٹریشن کو روکنے کیلئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے جی او جاری کیا ہے۔ ریونیو ریکارڈ میں اوقافی جائیدادوں کے ریکارڈ کو شامل کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر سنٹرل وقف کونسل کے رکن حنیف علی، شاہنواز قاسم آئی پی ایس، بی شفیع اللہ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی، مولانا اکبر نظام الدین، مرزا انوار بیگ، نثارحسین حیدر آقا اور عرفان شریف اسسٹنٹ ایگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی موجود تھے۔ عاطف رشید نے حج کمیٹی کی کارکردگی کی تفصیلات حاصل کیں۔