تلنگانہ میں اومی کرون کے مزید 12 متاثرین ‘ جملہ تعداد۔21

   

نئے متاثرین میں تین ہندوستانی شہری ۔ 9 غیر ملکی متاثرین ۔ علاج کیلئے ٹمس کو منتقل کردیا گیا

حیدرآباد۔18 ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اومی کرون کے 12نئے متاثرین کی توثیق کے بعد مجموعی تعداد 21 ہوچکی ہے۔ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ( ٹمس ) گچی باؤلی میں تمام متاثرین کو قرنطینہ کرکے علاج کیا جا رہا ہے۔ ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ 18 ڈسمبر کو معائنوں کے دوران 12 بین الاقوامی مسافرین کورونا متاثر پائے گئے ہیں جن میں 2 کا تعلق ان ممالک سے ہے جو جوکھم والے ہیں جبکہ 10 متاثرین کا تعلق غیر جوکھم والے ممالک سے ہے۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ اومی کرون متاثرین کے رابطہ میں آنے والے تمام افراد کو قرنطینہ کرنے اقدامات کئے جار ہے ہیں اور ان کے معائنہ اور جینوم جانچ کیلئے نمونے حاصل کئے جا رہے ہیں۔ آج راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر 315 بین الاقوامی مسافرین کا معائنہ کیا گیا جن میں12 مسافرین کو کورونا کی توثیق کے بعد انہیں قرنطینہ کیا جاچکا ہے۔ یکم ڈسمبر تا 18ڈسمبر جملہ 7206 بین الاقوامی مسافرین کے معائنے کئے گئے ہیں جن میں اب تک 21 مسافرین کو اومی کرون کی توثیق ہوئی ۔بتایاجاتا ہے کہ جن مسافرین کا معائنہ مثبت پایا جا رہاہے ان کے نمونے حاصل کرکے جینوم کی جانچ کیلئے سی سی ایم بی اور سی ڈی ایف ڈی روانہ کیا جا رہاہے علاوہ ازیں ان سے رابطہ میں آنے والوں کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ نئے متاثرین میں 3ہندستانی شہری ہیں جبکہ مابقی 9 غیر ملکی ہیں ۔ تلنگانہ میں اومی کرون کے متاثرین کی تعداد یومیہ دوگنی ہونے لگی ہے ۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ غیر جوکھم والے ممالک سے پہنچنے والے مسافرین میں اومی کرون کی نشاندہی سے وہ تشویش میں ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام مسافرین کے معائنے کئے جائیں۔ تلنگانہ میں آج 105 کورونا مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے صحتیاب افراد کی تعداد205 رہی ۔ اور ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ اومی کرون مریضوں کی نشاندہی اور رابطہ میں آنے کے بعد معائنوں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ ہفتہ کو 41 ہزار484 کورونا معائنے کئے گئے ۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ میں جملہ 3761 کورونا متاثرین ہیں ۔محکمہ صحت کے مطابق ائیر پورٹ پر اومی کرون متاثرین میں وائرس کی علامات نہیں ہیں لیکن انہیں قرنطینہ کیا گیا ہے ۔ ائرپورٹ پر آرٹی پی سی آر معائنوں میں جن مسافرین کی رپورٹ مثبت آرہی ہے انہیں قرنطینہ کیلئے روانہ کیا جانے لگا ہے۔م