تلنگانہ میں ایرواسپیس یونیورسٹی کے قیام کے اقدامات

   

حیدرآباد4دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآبادمیں فالو سی آئی آئی۔ڈیفینس کنکلیوکا افتتاح کیا۔سی آئی آئی ادارہ کی جانب سے اس پروگرام کا اہتمام کیاگیا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایرو اسپیس اور دفاع میں معیارات پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہاں پر ڈیفینس انڈسٹرئیل کاریڈار کے قیام کے سلسلہ میں دفاع کے پانچ وزراسے خواہش کی گئی تھی تاہم اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاست میں پرائیویٹ عوامی شراکت داری کے ذریعہ ایرواسپیس یونیورسٹی کے قیام کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔دفاع اور ایرواسپیس کے شعبہ میں حیدرآباد ترقی کررہا ہے ۔ حیدرآباد کے بالانگر، کشائی گوڑہ میں ایرواسپیس اور دفاع کے سامان کی تیاری کی کمپنیاں قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد۔ بنگالورو ہائی وے پر ڈیفیس انڈسٹرئیل کاریڈار کے قیام کے سلسلہ میں مرکز سے بات کی گئی تھی تاہم مرکز نے اس کے لئے ناگپور،گجرات اور چینئی کو ہی ترجیح دی۔ مسٹر راو نے ایرو اسپیس اور دفاع میں معیارات کے موضوع پر سی آئی آئی۔ای وائی کی رپورٹ بھی جاری کی۔تقریب میں اس شعبہ سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، سی آئی آئی کے ذمہ داران بھی موجود تھے ۔