تلنگانہ میں ایک دن میں کورونا کے 99 نئے کیس : 12 مائیگرنٹس شامل

,

   

حیدرآباد 2 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں آج ایک دن میں کورونا کے جملہ 99 کیس سامنے آئے ہیں۔ ان 99 نئے پازیٹیو کیسیس میں 87 مقامی مریض ہیں جبکہ 12 مائیگرنٹس ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے آج جاری کردہ صحت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں جملہ 2445 مقامی افراد کورونا سے متاثر ہیں جبکہ مائیگرنٹس اور بیرون ملک سے آنے والے جملہ 446 افراد متاثر ہیں۔ اسطرح جملہ کورونا مریضوں کی تعداد 2891 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں چار اموات بھی ہوئی ہیں اس طرح جملہ مہلوکین کی تعداد بھی بڑھ کر 92 ہوگئی ہے ۔ آج فوت ہونے والوں میں ایک 70 سالہ خاتون ‘ ایک 60 سالہ خاتون ‘ ایک 42 سالہ شخص اور ایک 41 سالہ شخص شامل ہے ۔ جو 87 مقامی مریض پائے گئے ہیں ان میں 70 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے بتایا گیا ہے جبکہ سات مریضوں کارنگا ریڈی سے تعلق ہے ۔ اس طرح تین مریض میڑچل سے تعلق رکھتے ہیں۔ دو مریض نلگنڈہ سے ہیں جبکہ محبوب نگر ‘ جگتیال ‘ منچریال ‘ سنگا ریڈی اور سدی پیٹ اضلاع سے ایک ایک کورونا مریض کی توثیق ہوئی ہے ۔ آج جملہ 12 مائیگرنٹس بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں اب تک جملہ 1526 افراد کو علاج و صحتیابی کے بعد دواخانوں سے ڈسچارج کردیا گیا جبکہ ہنوز 1273 افراد دواخانے میں زیر علاج ہیں۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاون میں نرمی کے بعد سے باہر عوام کی نقل و حرکت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے اور لوگ ساری ریاست میں گھوم رہے ہیں۔ ایسے لوگوں میں احتیاطی تدابیر کا فقدان ہے ۔ وہ ماسک نہیں پہن رہے ہیں اور سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے اس کے علاوہ بازاروں میں بھی ہجوم کردیا گیا ہے اس وجہ سے ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔