تلنگانہ میں ایک لاکھ 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا دعویٰ گمراہ کن

   

پروفیسر کودنڈا رام کا الزام، 20 سے زائد نوجوانوں نے ملازمت سے محرومی پر خودکشی کرلی

حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے سرکاری ملازمتوں پر تقررات سے متعلق چیف منسٹر کے سی آر کے دعوؤں کو مسترد کردیا اور مطالبہ کیا کہ گزشتہ سات برسوں میں تقررات سے متعلق نوٹیفکیشن برسر عام کئے جائیں۔ پروفیسر کودنڈا رام نے پارٹی قائدین کے ہمراہ آج شہیدان تلنگانہ کی یادگار گن پارک پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو کیلنڈر کے مطابق آج کا دن پترا ماسا کے طور پر منایا جاتا ہے جس میں دنیا سے گذرنے والوں کو یاد کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ جنا سمیتی نے اس موقع پر شہیدان تلنگانہ کو یاد کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کے حق میں روایتی طور پر چاول تقسیم کئے گئے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ روزگارکیلئے کئی نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی دی ہے۔ نوجوانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست وجود میں آئی ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی کا رویہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ریاست کی تشکیل کے بعد امید کی جارہی تھی کہ نوجوانوں کی خودکشی کے واقعات میں کمی آئے گی لیکن ابھی تک 20 سے زائد نوجوانوں نے خودکشی کرلی جن میں سے بعض نے خودکشی نوٹ میں روزگار سے محرومی کو اہم وجہ بتایا۔ کودنڈا رام نے کہا کہ جمی کنٹہ کے شبیر نامی نوجوان کے علاوہ کونڈل راؤ، سنیل نائیک اور گنیش نے خودکشی نوٹ میں روزگار نہ ملنے کو خودکشی کی وجہ بتائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی خودکشی کا حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں گمراہ کن بیان دیتے ہوئے ایک لاکھ 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ تقررات سے متعلق تمام نوٹیفکیشن کو منظر عام پر لایا جائے تاکہ حقیقی تعداد کا پتہ چلے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تقریباً 70 ہزار تقررات عمل میں آئے ہیں جن میں 10 ہزار پنچایت سکریٹریز کے ہیں جن کی ملازمت عارضی نوعیت کی ہے۔ سرکاری محکمہ جات میں 2 لاکھ سے زائد جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی خودکشی کو روکنے کیلئے حکومت کو تمام جائیدادوں پر تقررات کی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر نوجوانوں سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل میں سنجیدہ ہے تو اسے تقررات پر توجہ دینی چاہیئے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ طلباء اور نوجوانوں کے خوابوں کی تکمیل میں کے سی آر حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے۔ر