چیف منسٹر ریونت ریڈی کل اچم پیٹ کے پروگرام میں تقسیم کا آغاز کریں گے
حیدرآباد 23 نومبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ریاست کی ایک کروڑ خواتین میں ’اندرا اماں ساڑیاں‘ تقسیم کرنے وسیع انتظامات کر رہی ہے۔ ’اندرا مہیلا شکتی‘ پروگرام کے حصہ کے طور پر اس فلاحی پروگرام کا باضابطہ آغاز چیف منسٹر ریونت ریڈی 26 نومبر کو ناگرکرنول ضلع کے اچم پیٹ میں کریں گے۔ حکومت سے خواتین کو تحفے کے طور پر ساڑیاں فراہم کرنے کا یہ دوسرا مرحلہ ہے۔ اس مرتبہ حکومت نے دیہی اور شہری دونوں علاقوں کی مستحق خواتین تک پہنچنے ایک کروڑ ساڑیوں کی تقسیم کا ہدف مقرر کیا ہے ، جس کے تحت دیہی علاقوں میں 65 لاکھ اور شہری علاقوں میں 35 لاکھ خواتین کو ساڑیاں فراہم کی جائیں گی۔خواتین کے ذوق اور پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے ان ساڑیوں کو نہایت پرکشش فیروزی رنگ میں ڈیزائن کیا گیا ۔ روایتی انداز و جدید ڈیزائن کے امتزاج کے ساتھ یہ ساڑیاں دو مختلف اقسام میں تیار کی گئی ہیں، جن سے مقامی بنکروں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ۔ جملہ ایک کروڑ ساڑیوں میں سے 95 لاکھ پالیسٹر ساڑیاں جبکہ 5 لاکھ پولی کاٹن ساڑیاں ہیں۔حکومت نے واضح کیا کہ راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں میں 18 سال کی عمر مکمل کرنے والی تمام خواتین اسکیم سے استفادہ کی اہل ہوں گی ۔ اہل خواتین اپنا آدھار کارڈ اور راشن کارڈ دکھا کر یہ ساڑیاں حاصل کر سکیں گی، جبکہ تقسیم کے عمل میں مکمل شفافیت برقرار رکھنے مستحقین کی تفصیلات خصوصی موبائل ایپ کے ذریعہ درج کی جائیں گی۔2