حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں پھر ایک مرتبہ بارش اور شدید سردی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے بعض مقامات پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔ یہ بارش ہلکی اور اوسط درجہ کی ہوسکتی ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثر کے تحت تلنگانہ کی سمت ہواؤں کا رُخ دیکھا گیا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں بارش کی پیش قیاس کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 تا 30 جنوری سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ ماہرین کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق اضلاع عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، کاماریڈی، میدک، سنگاریڈی اور وقارآباد میں شدید ترین سردی ہوگی جبکہ جگتیال ، سرسلہ، پدا پلی، بھوپال پلی، کریم نگر، سدی پیٹ، میڑچل، حیدرآباد، ورنگل ( اربن ) ، ورنگل ( رورل ) اور ملگ میں شدید سردی کا امکان ہے۔ بھونگیر، محبوب نگر، نارائن پیٹ، ونپرتی، گدوال، ناگر کرنول، جنگاؤں، محبوب آباد اور کتہ گوڑم میں اوسط سردی ریکارڈ کی جائیگی۔ نلگنڈہ، سوریا پیٹ اور کھمم میں سردی کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ ر