پی آر ایس لیجسلیٹو ریسرچ کی رپورٹ کا انکشاف، اہم شعبہ جات نظر انداز
حیدرآباد: 25 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت بجٹ میں مختص رقوم سے کم خرچ کر رہی ہے۔ ریاست نے مالی سال 2021-22 سے 2024-25 کے درمیان اپنے سالانہ بجٹ تخمینوں سے 17 فیصد کم خرچ کیا۔ ریاستوں میں اوسط کمی 9 فیصد رہی۔ حکومت کے انتظام اور عمومی خدمات کی فراہمی پر ادا کی جانے والی رقم سے متعلق محصولی اخراجات میں ریاست نے 20 فیصد کمی درج کی۔ اس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں، پنشن، قرضوں پر سود کی ادائیگیاں، سبسڈیاں اور عمومی انتظامی اخراجات شامل ہیں۔ عام طور پر ایسے اخراجات مستقل بنیادی اثاثے پیدا نہیں کرتے۔ ملک کے شہروں کی کارکردگی کو مزید واضح، معلوماتی اور عوامی شرکت پر مبنی بنانے کے لیے ایک آزاد اور غیر منافع بخش تحقیقی ادارہ ریاستی اسمبلی میں پیش کیے گئے نئے بلوں، مطالباتِ زر اور مرکزی و ریاستی بجٹ کی اہم باتوں کو مختصر رپورٹ کی صورت میں پیش کرتا ہے ، تاکہ عام لوگ بھی انہیں آسانی سے سمجھ سکیں۔ اسی سلسلے میں پی آر ایس لیجسلیٹو ریسرچ کی اسٹیٹ آف اسٹیٹس 5 رپورٹ 2026-27 کے مطابق محصولی اخراجات میں تلنگانہ کی کمی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ ریاستوں کی قومی اوسط کمی 7 فیصد ہے ، جبکہ تلنگانہ کی یہ کمی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ تلنگانہ حکومت عمومی سرکاری سرگرمیوں پر اپنے ترجیحی اخراجات میں نمایاں کمی کر رہی ہے۔ تاہم سڑکوں، پلوں، سرکاری عمارتوں، آبپاشی کے منصوبوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے جیسے طویل مدتی اثاثوں کی تعمیر پر ہونے والے اخراجات کو ظاہر کرنے والے سرمایہ جاتی اخراجات کے معاملے میں تلنگانہ نے بہت بہتر کارکردگی دکھائی۔ ملک بھر کی ریاستوں میں اوسطاً 17 فیصد کی کمی رہی، جبکہ ریاست تلنگانہ کے سرمایہ جاتی اخراجات بجٹ کے تخمینے سے صرف 2 فیصد کم رہے۔ تلنگانہ کے اخراجات میں کمی اثاثوں کی تعمیر کے بجائے زیادہ تر عام اخراجات میں رہی۔ ریاست عام اخراجات کے لیے بجٹ میں مختص فنڈز کو پوری طرح استعمال نہ کر سکی، لیکن سرمایہ جاتی اخراجات منصوبہ بند ہدف کے قریب رہے۔ رپورٹ نے واضح کیا کہ آمدنی کی وصولی میں کمی کے باوجود اثاثوں کی تعمیر کے اخراجات میں کٹوتی نہیں کی گئی، اور ریاستی حکومت نے ترقیاتی اخراجات کو ترجیح دی۔1