تلنگانہ میں بدلاؤ کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں: سونیا گاندھی

   

مجھے ماں کا درجہ دینے پر شکر گذار ہوں، رائے دہندوں سے جذباتی اپیل
حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے اسمبلی انتخابات کیلئے تلنگانہ عوام کیلئے ایک جذباتی اپیل جاری کرتے ہوئے تبدیلی کے حق میں ووٹ دینے اور کانگریس کو برسراقتدار لانے کی اپیل کی۔ سونیا گاندھی نے اپنے ویڈیو پیام میں کہا کہ تلنگانہ کی میری بہنو اور پیارے بھائیو نمسکار ، میں آپ کے بیچ نہیں آپائی لیکن آپ میرے دل کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج میں تلنگانہ ماں کے شہید بیٹوں کا خواب پورا ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہوں۔ میں دل سے چاہتی ہوں کہ زمینداروں کا تلنگانہ عوامی تلنگانہ میں تبدیل ہوجائے، آپ کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے ایک سچی اور ایماندار سرکار دینا چاہتی ہوں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ آپ لوگوں نے مجھے سونیا اماں کہہ کر جو محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ہے میں اسے بھلا نہیں پاؤں گی۔ آپ نے مجھے ماں کا درجہ دیا اس کیلئے میں ہمیشہ آپ کی شکر گذار رہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ عوام کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں گی۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ کی بہنوں، ماؤں، بیٹیوں، بھائیوں اور بیٹوں سے اپیل کی ہے کہ پوری طاقت تلنگانہ میں بدلاؤ لانے کیلئے استعمال کریں اور کانگریس کیلئے ووٹ دے کر تبدیلی کو یقینی بنائیں۔ سونیا گاندھی نے ’ جئے تلنگانہ‘ اور ’ جئے ہند ‘ کے نعرہ سے اپنا پیام ختم کیا۔
واضح رہے کہ سونیا گاندھی نے ناسازی مزاج کے سبب تلنگانہ کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا اور صرف ایک مرتبہ 6 ضمانتوں کی اجرائی کیلئے حیدرآباد میں رہیں۔ وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے حیدرآباد آئی تھیں اسی وقت 6 ضمانتوں کو جاری کیا گیا۔