پولٹری اشیاء کا استعمال ترک کرنے ڈاکٹرس کا مشورہ، عوام میں خوف
حیدرآباد۔تلنگانہ میں برڈ فلو نہیں ہے یہ بات حکومت کی سطح پر کہی جا رہی ہے لیکن ریاست تلنگانہ اور حیدرآباد کے عوام میں برڈ فلو کا خوف پیدا ہوچکا ہے کیونکہ ڈاکٹرس اور ماہر اطباء کی جانب سے چکن اور پولٹری اشیاء کے استعمال کو ترک کرنے کامشورہ دیا جانے لگا ہے ۔ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست میں برڈ فلو کے اثرات نہیں پائے گئے ہیں اور اس کی کوئی توثیق نہیں ہوئی ہے لیکن ڈاکٹرس اور قومی ذرائع ابلاغ پر ڈاکٹرس کی جانب سے دیئے جانے والے مشوروں کے بعدشہر حیدرآباد میں چکن کے استعمال میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ شادیوں اور تقاریب میں چکن کے استعمال کے سلسلہ میں شہریوں کی جانب سے احتیاط کی جارہی ہے اورکہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے معاملہ میں بھی اسی طرح سے لاپرواہی سے کام لیا گیا تھا اسی لئے حکومت کے اعلان کا انتظار کرنے سے بہتر ہے کہ اپنے طور پر احتیاطی اقدامات کئے جائیں اور جہاں تک ممکن ہوسکے پولٹری اشیاء کے استعمال کو ترک کیا جائے۔ہندستان کی 5 ریاستوں میں برڈ فلو کی توثیق کے بعد حیدرآباد میں بھی عوام میں بے چینی پائی جانے لگی ہے اور پولٹری صنعت کے ذمہ داروں میں ہلچل پیدا گئی اور حکومت نے حرکت میں آتے ہوئے یہ اعلانات شروع کردیئے ہیں کہ ریاست میں برڈ فلو نہیں ہے لیکن کورونا وائرس کے دوران متفکر شہریوں نے حکومت کے اعلانات پر توجہ دینے کے بجائے اپنے طور پر احتیاط کرنے کا فیصلہ کرلیاہے اور گاہکوں کی تعداد میں 50 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس سے آئندہ دنوں میں چکن کی قیمتوں میں گراوٹ متوقع ہے۔4 ریاستوں میں25 ہزار سے زائد پرندوں کے فوت ہونے اور برڈ فلو کی وباء کا نوٹس لیتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے محکمہ انیمل ہسبینڈری، جنگلات اور زو حکام کو الرٹ جاری کیا ہے۔