راجہ سنگھ کا بیان ‘ بعض قائدین کی سرگرمیوں سے پارٹی کو نقصان
حیدرآباد : 17 اگست ( سیاست نیوز) گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے الزام عائد کیا کہ بعض قائدین کے سبب تلنگانہ میں بی جے پی کو نقصان ہوا ہے ۔ یہ میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی برسراقتدار نہیں آسکتی ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں اور ہر ضلع میں موجود بی جے پی قائدین صرف اپنے قریبی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں ۔ گزشتہ کئی برسوں سے پارٹی کیلئے جدوجہد کرنے والے حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ پارٹی کیلئے قربانی دینے والے کارکن کہاں جائیں گے ؟ ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی ہائی کمان کو بھی تلنگانہ سے دلچسپی نہیں ہے ، وہ دیگر ریاستوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ تلنگانہ میں جو بڑے قائدین کہتے ہیں وہی بات ہائی کمان سنتا ہے اور میں ان قائدین کے نام نہیں بتاؤں گا لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ اُن سے پارٹی کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ راجہ سنگھ نے سابق رکن کونسل رامچندر راؤ کو ریاستی صدر مقرر کرنے کے خلاف بطور احتجاج پارٹی سے استعفی دے دیا تھا جسے فوری قبول کرلیا گیا ۔