تلنگانہ میں بی جے پی کے قدم پہلے سے موجود

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کو رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ کا جواب
حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ نے احمدآباد اے آئی سی سی اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی بی جے پی کو تلنگانہ میں قدم رکھنے سے روکنے کی بات کررہے ہیں جبکہ تلنگانہ میں بی جے پی پہلے ہی قدم رکھ چکی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میدک کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ چیف منسٹر کا بیان مضحکہ خیز ہے کیونکہ چیف منسٹر کے آبائی ضلع میں بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر ضلع میں بی جے پی نے کامیابی حاصل کی اس کے علاوہ ریونت ریڈی کی نشست ملکاجگری پر بی جے پی کے ایٹالہ راجندر منتخب ہوئے۔ رگھونندن راؤ نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں ریونت ریڈی چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ کے انچارج تھے لیکن وہاں بھی بی جے پی کو کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے اسمبلی چناؤ میں کاماریڈی سے مقابلہ کیا تھا اور وہاں بھی بی جے پی امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی کانگریس کے آخری چیف منسٹر ہوں گے۔ احمد آباد میں ریونت ریڈی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنانے پر تنقید کرتے ہوئے رگھونندن راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت تمام ریاستوں کے ساتھ یکساں سلوک کررہی ہے اور تلنگانہ سے ناانصافی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔1