حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن نے ریاست میں بی سی طبقات کی مردم شماری کا کام اندرون تین ماہ مکمل کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ کمیشن کے صدرنشین جی نرنجن کے مطابق حکومت نے بی سی مردم شماری اور مجالس مقامی میں بی سی تحفظات کے تعین جیسے اہم ایجنڈہ کے ساتھ کمیشن تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار، کرناٹک اور دیگر ریاستوں میں بی سی طبقات کی مردم شماری کے سلسلہ میں جو طریقہ کار اختیار کیا گیا اس کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ کیلئے موزوں ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کا مقصد کسی بھی قانونی کشاکش سے بچنا ہے۔ انہوں نے بی سی کمیشن کے سابق صدورنشین اور ارکان سے مشاورت کی۔ کمیشن نے پنچایت راج اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ بی سی مردم شماری کو اندرون ایک ماہ مکمل کرنے کیلئے ایک لاکھ ملازمین کی ضرورت پڑے گی۔
کمیشن اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کرے گا اور مختلف محکمہ جات سے انومریٹرس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔1