تلنگانہ میں تبدیلی کی لہر، کانگریس کی حکومت قائم ہوگی

   

پارٹی قائدین محنت سے کام کریں، سروے کی بنیاد پر ٹکٹ : ریونت ریڈی

حیدرآباد ۔ 10 جون (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کارکن چھ ماہ تک محنت کرتے ہیں تو آئندہ 5 سال تک ریاست میں کانگریس کی حکومت رہے گی۔ اندرا بھون میں منعقدہ کانگریس کے نائب صدور اور جنرل سکریٹریز سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے، کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ تمام سروے یہاں تک چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کرائے جانے والے سروے میں بھی کانگریس کو سبقت حاصل ہورہی ہے جس سے بی آر ایس حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے مگر ایک طرح سے کانگریس کیلئے پبلسٹی ثابت ہورہی ہے۔ ریاست کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور کانگریس کو متبادل کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی قائدین اور کارکنوں کو پوری طرح عوام کے درمیان رہنا ہے اور ڈسپلن سپاہی کی طرح پارٹی کی ہدایتوں پر عمل کرنا ہے اور پروگرامس کو کامیاب بنانا ہے۔ سروے کے مطابق ٹکٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ پارٹی کیلئے کام کرنے والے وفاداروں سے مکمل انصاف کیا جائے گا جس کی زندہ بوس راجو ہے جنہوں نے اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیا ہے جنہیں کرناٹک کی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آج کے اجلاس میں 4 قراردادیں منظور کی گئی ہیں۔ اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو اور ندیم جاوید کی تلنگانہ میں خدمات کی ستائش کی گئی۔ نئے سکریٹریز کا خیرمقدم کیا گیا۔ بوئن پلی میں راجیو گاندھی نالج سنٹر کے سنگ بنیاد کیلئے سونیا گاندھی کو مدعو کرنے کی قرارداد منظور کی گئی۔ کانگریس قائد مقننہ بٹی وکرامارک کی پدیاترا 1000 کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کرچکی ہے۔ انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی گئی۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کے نائب صدور اور جنرل سکریٹریز جن اسمبلی حلقوں کے انچارج ہیں، وہ ہر 15 دن میں ایک مرتبہ گاندھی بھون کو رپورٹ پیش کریں۔ن