ہم نے وعدہ پورا کردیا ۔ وزیر اعظم سے وقت دلانے بی جے پی قائد مقننہ آگے آئیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 31 اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی نے ریاست میں پنچایت راج اداروں کے انتخابات کے دوران تحفظات کی حد میں اضافہ کیلئے کلیدی بلوں کی منظوری کے ساتھ راہ ہموار کردی ہے۔ تلنگانہ اسمبلی میں بلدی قوانین ترمیمی بل اورپنچایت راج قوانین بل پیش کرکے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا جس کے نتیجہ میں ریاست میں تحفظات کی حد ختم ہوگئی ۔ اسمبلی میں بی سی تحفظات میں اضافہ کے معاملہ میں برسراقتدار جماعت و اپوزیشن کے درمیان گرما گرم مباحث اور الزام تراشیوں کے دوران منظور بل کے بعد اب تلنگانہ میں تحفظات پر عائد کی گئی 50 فیصد کی حد ختم ہوگئی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اپوزیشن بی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں پنچایت راج قوانین اور بلدی قوانین میں ترامیم کے ذریعہ بی آر ایس نے 50 فیصد تحفظات کی حد مقرر کی تھی جسے کانگریس نے اقتدار میں آنے کے بعد وعدہ کے مطابق ختم کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے بی سی طبقات کے تحفظات میں اضافہ کی راہ ہموار کی ہے۔ وزیر پسماندہ طبقات مسٹر پونم پربھاکر نے بھی ان مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ کے بی سی طبقات سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے میں اہم پیشرفت کو یقینی بنایا ہے۔اپوزیش بی آر ایس رکن اسمبلی مسٹر جی کملاکر نے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کی جانب سے بی سی تحفظات میں اضافہ کو یقینی بنانے کے بجائے اپوزیشن کو رکاوٹ قرار دینے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ حکومت کو اختیارات کا استعمال کرکے بی سی تحفظات میں اضافہ کے وعدہ کو پورا کرنے کا مشورہ دیا۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت سے بی سی تحفظات کے سلسلہ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کیلئے 5 مرتبہ مکتوب روانہ کئے ہیں لیکن ابھی تک وزیر اعظم کا وقت نہیں مل پایا ہے۔ انہو ںنے بی جے پی مقننہ پارٹی کے قائد مسٹر پائل شنکر سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں بی سی تحفظات میں اضافہ کیلئے وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت حاصل کرنے میں حکومت کی مدد کرکے بی سی تحفظات میں اضافہ کے سلسلہ میں بی جے پی کی سنجیدگی کو ظاہر کریں۔ تلنگانہ میں بی سی طبقات کے تحفظات میں اضافہ کے اقدامات پر حکومت کی کاروائیوںمیں پیشرو حکومت سے عائد کی گئی تحفظات پر 50 فیصد کی حد کو ختم کرنے بل کو منظور کرلیا گیا اور اب ریاست میں پنچایت راج اداروں کے انتخابات میں 42فیصد بی سی تحفظات کی فراہمی کی راہ ہموار کرلی گئی ہے۔ تلنگانہ اسمبلی میں حکومت کی جانب سے وزیر ڈی سریدھر بابو نے میونسپل ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا اس کے علاوہ ریاستی وزیر پنچایت محترمہ انوسویا سیتااکا نے پنچایت راج ایک ترمیمی بل پیش کیا جس پر مختصر مباحث کے بعد متفقہ طور پر ان ترامیم کو منظوری دے دی گئی ۔ حکومت تلنگانہ نے ریاست میں 42 فیصد بی سی تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں ان ترامیم کے ذریعہ راہ ہموار کرکے ادارہ جات مقامی انتخابات میں پسماندہ طبقات کو اضافی نشستوں پر مقابلہ کو یقینی بنانے کے اقدامات کردیئے ہیں۔3