تلگودیشم پارٹی کا پھر قومی سربراہ منتخب ہونے پر این چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 جون (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے قومی سربراہ سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ میں بہت جلد تلگودیشم پارٹی کی عظمت رفتہ بحال ہوگی۔ تلگودیشم پارٹی اقتدار میں نہ رہنے کے باوجود پارٹی کیڈر میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ این ٹی آر اور پی وی نرسمہاراؤ نے ملک کو ایک نئی راہ دکھائی ہے۔ تلگودیشم پارٹی کی تشکیل کے بعد ہی ساری دنیا میں تلگو عوام کی عزتِ نفس میں اضافہ ہوا۔ آج تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے۔ یہ سب تلگودیشم کی جانب سے رکھی گئی بنیادوں کی وجہ سے ممکن ہوپایا ہے۔ تلگو عوام ساری دنیا میں اپنے فن کے جوہر دکھارہے ہیں۔ اس کا اعزاز بھی تلگودشیم پارٹی کو جاتا ہے۔ تلگودیشم کے دورحکومت میں آئی ٹی کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شہر حیدرآباد کی ترقی میں تلگودیشم حکومت کا اہم رول رہا ہے۔ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تلگو عوام کی ترقی، خوشحالی کیلئے تلگودیشم پارٹی کام کرے گی۔ ہر تلگو داں کو معاشی لحاظ سے مستحکم بنانے کیلئے تلگودیشم پارٹی کام کرے گی۔ این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ملک کے 100 شہروں میں این ٹی آر کی صد سالہ یوم پیدائش تقاریب کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے انہیں پھر ایک مرتبہ تلگودیشم پارٹی کا قومی سربراہ منتخب کرنے پر پارٹی کارکنوں سے اظہارتشکر کیا۔ تلگودیشم پارٹی کے قومی سربراہ منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ حیدرآباد کے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے صدر گیانیشور کے علاوہ دوسرے سینئر قائدین موجود تھے۔ن