تلنگانہ میں تمام طبقات کیلئے ترقی کے یکساں مواقع

   

نارائن پیٹ میں کانگریس، بی جے پی کے کارکنوں کی بی آر ایس میں شمولیت، راجندر ریڈی کا خطاب

نارائن پیٹ۔ 4 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج نارائن پیٹ ضلع کے دھنواڑہ منڈل مستقر پر رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی کی موجودگی میں کانگریس پارٹی کے 50 سینئر قائدین اور بی جے پی، بی ایس پی کے کئی نوجوان پارٹی قائدین نے بی آر ایس پارٹی کی ترقیاتی و فلاحی اسکیمات سے متاثر ہوکر بی آر ایس پارٹی میں عوام کے وسیع تر مفاد کی خاطر پارٹی کھنڈوا پہن کر پارٹی میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام طبقات کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی کی ریاست میں مقبولیت کے پیش نظر ملک کے دیگر ریاستوں میں بھی سینکڑوں دیگر پارٹیوں کے کارکن و قائدین بی آر ایس میں شامل ہو رہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات سارے ملک میں منفرد اور بے مثال ہیں۔ چنانچہ ریاست تلنگانہ کی اسکیمات اور فلاحی پروگراموں کو دیگر ریاستوں میں نقالی کرتے ہوئے اختیار کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس، عوام کے مفاد میں بڑے سے بڑے اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔ پچھلے سالوں میں ریاست تلنگانہ سارے ملک کے لئے ایک نمونہ بنی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں کسانوں کے لئے جو فلاحی اسکیمات وضع کی گئی ہیں، ملک کی کسی ریاست میں موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے دیگر پارٹی قائدین کا جو بی آر ایس میں شامل ہو رہے ہیں خیرمقدم کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ نئے شامل ہونے والے کارکن و قائدین عوامی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کردیں گے۔ اس موقع پر پارٹی قائدین اور عوامی نمائندے موجود تھے۔