تلنگانہ میں جنگلاتی اراضی کی تقسیم کا آغاز، قبائلی عوام پر عائد مقدمات سے دستبرداری

   

دیڑھ لاکھ خاندانوں میں چار لاکھ ایکر اراضی کی تقسیم، کلکٹریٹ اور بی آر ایس کی نئی عمارتوں کا افتتاح، چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔30۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے قبائلی خاندانوں میں جنگلاتی اراضی کی تقسیم کے پروگرام کا آج ریاست بھر میں آغاز کیا۔ کے سی آر نے آصف آباد ضلع کا دورہ کرتے ہوئے قبائلی افراد میں جنگلاتی اراضی کے کاغذات حوالے کئے۔ چیف منسٹر نے ایک روزہ دورہ کے موقع پر کئی ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹریٹ کی عصری تعمیر کردہ عمارت کا افتتاح کیا۔ چیف منسٹر نے آصف آباد کے سرپور اسمبلی حلقہ میں جنگلاتی اراضی کے پٹہ جات کی تقسیم سے متعلق تقریب میں حصہ لیا اور بعض خاندانوں کو کاغذات حوالے کئے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ جنگلاتی اراضی حاصل کرنے والے قبائلی کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم کے تحت امداد دی جائے گی۔ جنگلاتی اراضی خواتین کے نام پر الاٹ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین دن میں ریاست بھر میں جنگلاتی اراضی کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست بھر میں کئی ایسے مسائل ہیں جن کا حل تلاش کرنا باقی ہے۔ سماج کو باشعور بناتے ہوئے حکومت مسائل کو بتدریج حل کر رہی ہے۔ ریاست بھر میں آج 151000 افراد میں 4.06 لاکھ جنگلاتی اراضی کے پٹہ جات تقسیم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر کسانوں کی طرح قبائلی کسانوں کو بھی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ جنگلاتی اراضی کے لئے جدوجہد کرنے والے افراد پر درج کئے گئے مقدمات سے دستبرداری اختیار کرلی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی کسانوں کو رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ جیسی اسکیمات کے دائرہ میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ قبائلیوں پر درج کئے گئے مقدمات فوری واپس لئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی اراضی پر فصلوں کو تھری فیس برقی سربراہ کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے آصف آباد میں بی آر ایس کے نئے آفس کے علاوہ سپرنٹنڈنٹ پولیس کے نئے دفتر کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے مجاہد آزادی کمرم بھیم کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ چیف منسٹر نے سرکاری ملازمین کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تحریک میں سرکاری ملازمین نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ ہر ضلع میں عصری سہولتوں سے آراستہ سکریٹریٹ کامپلکسوں کی تعمیر پر چیف منسٹر نے مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے آصف آباد ضلع میں عنقریب میڈیکل کالج کے آغاز کا اعلان کیا۔ نئے دفاتر کے افتتاح کے موقع پر چیف منسٹر نے کلکٹر اور ایس پی کو ان کی نشستوں پر بٹھایا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء محمد محمود علی ، پرشانت ریڈی ، اندرا کرن ریڈی کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار ، چیف سکریٹری شانتی کماری، رکن اسمبلی بی سمن اور ضلع کے عوامی نمائندے اور عہدیدار موجود تھے۔ر