تلنگانہ میں حکومت اور پارٹی میں بہتر تال میل ضروری: سمپت کمار

   

Ferty9 Clinic

دو سالہ کارکردگی کا محاسبہ کیا جائے، جوبلی ہلز میں متحدہ مساعی سے کامیابی
حیدرآباد۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) سکریٹری آل انڈیا کانگریس سمپت کمار نے حکومت اور پارٹی میں بہتر تال میل کی ضرورت ظاہر کی۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کہ حکومت کے 2 سال مکمل ہوچکے ہیں اور عوامی خدمات کے لئے مزید 2 سال مہلت رہے گی جبکہ آخری سال انتخابی سرگرمیوں کا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت و پارٹی میں اشتراک سے ہی آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ سمپت کمار نے پارٹی میں موجود غیر سنجیدہ اور موقع پرست عناصر پر نظر رکھنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے دوبارہ اقتدار کیلئے کارکنوں کو متحرک کیا جانا چاہئے۔ انتخابات سے عین قبل پارٹی میں شامل ہونے والے افراد سے توقع نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ 2 سالہ کارکردگی کا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کے درمیان دو سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جائے۔ جوبلی ہلز میں کامیابی کو قائدین کی مشترکہ مساعی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی، میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ نے وزراء کی ٹیم کے ساتھ جوبلی ہلز میں انتخابی مہم چلائی تھی جس کے نتیجہ میں پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملی۔ جوبلی ہلز کا نتیجہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کو عوامی منظوری کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سطح سے اعلیٰ قیادت تک ہر کسی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرکے متحرک ہونا چاہئے۔ سمپت کمار نے کہا کہ اپوزیشن کی مخالف حکومت مہم کو ناکام بنانے پارٹی اور حکومت کو مشترکہ طور پر کام کرنا چاہئے۔1