ویمن آف انڈیا آرگینک فیسٹول کا افتتاح ، وزیر داخلہ محمد محمودعلی کا خطاب
حیدرآباد /6 فروری ( سیاست نیوز ) ویمن آف انڈیا آرگینک فیسٹول کا ریاستی وزیر داخلہ مسٹر محمود علی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا ۔ ملک بھر سے خاتون کسان اور محتلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی خواتین اس فیسٹول میں شرکت کر رہی ہے ۔ حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی شلپارامم میں یہ فیسٹول 10 فروری تک جاری رہے گا ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے خواتین کی صلاحیتوں اور خود مختاری پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے اس موقع پر حکومت تلنگانہ کی اسکیمات بالخصوص خواتین کے تعلق سے جاری فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ریاست کے چیف منسٹر خواتین کو ترقی میں کافی سنجیدہ ہیں اور ایسے اقدامات انجام دئے جارہے ہیں جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ خواتین کو خود مختار بنانے اور ان کے تحفظ کیلئے حکومت مثالی اقدامات انجام دے رہی ہے ۔ لڑکیوں کی شادی کیلئے شادی مبارک اور کلیان لکشمی جیسی اسکیمات کے ذریعہ ان کی مدد کی جارہی ہے ۔ جبکہ لڑکی کی پیدائش پر 13 ہزار روپئے اور کے سی آر کٹ دئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج آرگینک غذائی اشیاء کی شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہے اور مرکزی حکومت نے بھی آرگینک کو فروغ دینے کیلئے اقدامات انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2018-19 میں کسانوں کیلئے 12 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تقاریب اور فیسٹول میں شہریوں کو بڑی تعداد میں شریک ہونا چاہئے تاکہ خواتین کی ہمت افزائی ہوسکے ۔ چونکہ رگینک غذائی اشیاء کی طرف سماج کی نظریں مرکوز ہو رہی ہے اور بہت زیادہ اہمیت دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر عہدیداروں کے علاوہ خاتون فلم اسٹارس ، ایم لکشمی ، پرسنا ، املا کینین ، مدھو سیتھا اور دیگر موجود تھے ۔