تلنگانہ میں دفاعی، خلائی و فضائی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع

   

سی آئی آئی دفاعی کانکلیو سے وزیر صنعت و تجارت کے ٹی راما راؤ کا خطاب

حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، (این ایس ایس ) تلنگانہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ( سی آئی آئی ) کے زیر اہتمام چہارشنبہ کو یہاں ’ تلنگانہ کیلئے فائدہ مند : تبدیلیوں کا جائزہ اور موقعوں کی تلاش‘ کے زیر عنوان ایک ’ دفاعی کانکلیو ‘ منعقد ہوا۔ ریاستی وزیر صنعت و تجارت ، بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ دفاع اور فضائیہ تلنگانہ میںچند انتہائی اہم شعبوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔ دفاعی لیابس، خانگی اداروں ، صنعت کاروں کے علاوہ 1000 سے زائد چھوٹی اور متوسط صنعتوں کی موجودگی کے علاوہ ہنر مند افرادی قوت کی موجودگی و دستیابی تلنگانہ کیلئے ایک خاص فائدہ مند سہولت ہے۔ حکومت اور صنعت کے درمیان ترقی پسند پالیسیوں اوراشتراک و تعاون کی مساعی نیتلنگانہ کو دنیا بھر کے سرمایہ کاری کے مقامات میں ایک منفرد مقام دیا ہے۔ وزیر صنعت و تجارت نے دیسی پیداواری صلاحیتوں میںبہتری پر زور دیا۔ انہوں نے جغرافیائی و سیاسی مسائل اٹھانے سے گریز کا مشورہ دیا اور کہا کہ دفاع و فضائیہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے حکمت عملی کے فوائد کو دیکھا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور بنگلور کے درمیان ایک دفاعی راہداری بہتر رہے گی اور اس سے حکمت عملی کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے درآمدات پر انحصار میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔ سی آئی آئی کے وائس چیرمین اور سایئنٹ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر کرشنا بوڈاناپو نے دفاعی ، خلائی و فضائی صنعت میں قدر و قیمت کے تسلسل کو رابطوں کا تفصیلی تذکرہ کیا اور کہا کہ تزائین ، تیاری، پیداوار، دیکھ بھال و تربیت ایک ہی سلسلہ کی اہم کڑیاں ہیں۔ تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں ان چاروں شعبوں میں نمایاں صلاحیتیں موجود ہیں۔کلیانی، رافیل، اڈوانسڈ سسٹم پرائیویٹ لمیٹیڈ کے سی ای او رودرا جڈیجہ، اسکائی کواڈس الیکٹرانک اپلائنسیس کے منیجنگ ڈائرکٹر رامیندر سنگھ سائی ، سی آئی آئی تلنگانہ کے چیرمین ڈی راجو اور دوسروں نے بھی مخاطب کیا۔