حیدرآباد۔/7اگسٹ، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ملک میں راجیہ سبھا کی 12 نشستوں کے ضمنی چناؤ کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے۔ 9 ریاستوں کی 12 راجیہ سبھا نشستوں کیلئے 3 ستمبر کی صبح 9 تا شام 4 بجے رائے دہی ہوگی اور اسی روز شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ آسام ، بہار، ہریانہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، راجستھان، تریپورہ ، تلنگانہ اور اوڈیشہ میں انتخابات ہوں گے۔ 10 ریاستوں میں ارکان راجیہ سبھا کے لوک سبھا کیلئے منتخب ہونے پر یہ نشستیں خالی ہوئی ہیں جبکہ تلنگانہ اور اوڈیشہ میں ڈاکٹر کے کیشو راؤ اور ممتا موہنتا کے استعفے کے باعث راجیہ سبھا کی نشستوں پر ضمنی چناؤ ہورہا ہے ۔ ڈاکٹر کیشو راؤ نے بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت کے بعد 5 جولائی کو راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفی دیا جبکہ ان کی میعاد 9 اپریل 2026 تک باقی ہے۔ الیکشن کمیشن 14 اگسٹ کو الیکشن نوٹیفکیشن جاری کرے گا اور اسی دن سے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ 21 اگسٹ تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 22 اگسٹ کو درخواستوں کی جانچ کی جائے گی۔ آسام ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا اور تریپورہ کیلئے نام واپس لینے کی آخری تاریخ 26 اگسٹ ہے جبکہ بہار، ہریانہ، راجستھان، تلنگانہ اور اوڈیشہ میں 27 اگسٹ تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔3 ستمبر کو صبح 9 تا شام4 بجے رائے دہی ہوگی اور اسی دن شام 5 بجے رائے شماری اور نتیجہ کا اعلان ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے 6 ستمبر تک انتخابی مرحلہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تلنگانہ کی واحد راجیہ سبھا نشست پر کانگریس امیدوار کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) ترجمان اور ملک کے نامور قانون داں ابھیشک منوسنگھوی کو کانگریس پارٹی تلنگانہ سے امیدوار بنائے گی۔ اروناچل پردیش میں کانگریس ارکان کے انحراف کے سبب انہیں گذشتہ سال لوک سبھا چناؤ میں شکست ہوئی تھی۔تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد کئی بی آر ایس قائدین کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں ۔کیشور راؤ بھی کانگریس سے بی آر ایس میں شامل ہوئے تھے جنہیں اہم عہدہ بھی دیا گیا تھا تاہم ریاست میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد وہ دوبارہ کانگریس میں واپس ہوگئے ۔ 1