1.88 لاکھ کیلو لیٹر کا ذخیرہ موجود : چیف منسٹر ریونت ریڈی کی وزیراعظم کو واقف کروایا
حیدرآباد 27 مارچ ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بتایا کہ تلنگانہ میں پٹرول ‘ ڈیزل ‘ اور گیس کی کسی طرح کی قلت نہیں ہے اور حکومت سے پٹرولیم اشیاء کی شپلائی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ۔ وسط ایشیاء بحران پر وزیر اعظم کی جانب سے منعقدہ ویڈیو کانفرنس میں ملک کے تمام چیف منسٹروں نے حصہ لیا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ر یڈی نے ویڈیو کانفرنس کے دوران بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے چیف سکریٹری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی گئی جو شہر کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے حالات کی نگرانی کر رہی ہے۔ 33 اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سپلائی، فروخت اور بلیک مارکیٹنگ پر قابو پانے اقدامات کئے جارہے ہیں، جبکہ اسپتالوں، اسکولوں اور دیگر اہم اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں روزانہ 36 ہزار کیلو لیٹر ایندھن استعمال ہوتا ہے، اس وقت 1.88 لاکھ کیلو لیٹر سے زائد کا ذخیرہ ہے ۔ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے جس میں ٹیکس اور رجسٹریشن فیس میں مکمل چھوٹ بھی شامل ہے۔