تلنگانہ میں روزانہ تین لاکھ افراد کو کورونا ٹیکہ اندازی کا منصوبہ

   

عہدیدارتیسری لہر سے نمٹنے تیار رہیں، عوام سے ویکسین کی خوراک لینے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے چیف منسٹر کے سی آر کی اپیل
حیدرآباد۔13 ۔ستمبر (سیاست نیوز) کورونا کی امکانی تیسری لہر کے اندیشہ کے تحت چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے عوام کو وباء سے محفوظ رکھنے ٹیکہ اندازی کی مہم بڑے پیمانہ پر شروع کرنے ہدایت دی ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے عہدیداروں سے کہا کہ روزانہ تین لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی کے نشانہ کے ساتھ خصوصی مہم شروع کی جائے ۔ ریاست میں کورونا صورتحال قابو میں ہے اور ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم کا مقصد عوام کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے تیار کرنا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں ٹیکہ کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہوا ۔ امید ہے کہ تلنگانہ کو اس کی ضرورت کے مطابق ویکسین سربراہ کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جس میں ٹیکہ اندازی اور کورونا سے نمٹنے سرکاری سطح پر کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کے باوجود کورونا کا کوئی خاص اثر نہیں دیکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کیسوں میں اضافہ کے امکانات کو موہوم قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ میں صورتحال کے مزید بگڑنے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ 18 سال سے زائد عمر کے 2.8 کروڑ افراد کورونا ویکسین کے اہل ہیں ، ان میں سے 1.42 کروڑ افراد نے ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کرلی ہے جبکہ 53 لاکھ افراد دونوں خوراک حاصل کرچکے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مزید 1.38 کروڑ افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دینا باقی ہے ۔ چیف منسٹر نے سرپنچوں ، ایم پی ٹی سی ارکان ، وارڈ ممبرس ، ولیج سکریٹریز ، ایم پی پی ارکان ، زیڈ پی ٹی سی ارکان اور مجالس مقامی کے دیگر عوامی نمائندوں سے خواہش کی کہ وہ روزانہ تین لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم میں سرگرمی سے حصہ لیں۔ انہوں نے ہر ضلع میں تمام عہدیداروں اور اسٹاف کو بہتر تال میل اور محکمہ صحت سے تعاون کی ہدایت دی ہے ۔ چیف منسٹر نے کورونا وباء کے دوران سرپنچوںکی جانب سے گاؤں میں رضاکارانہ لاک ڈاؤن اور اسکولوں کو آئسولیشن سنٹر میں تبدیل کرنے کی ستائش کی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی گئی کہ وہ ٹیکہ اندازی کی مہم کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر کے ساتھ وقفہ وقفہ سے ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کریں۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ ٹیکہ اندازی مہم کے لئے سرکاری اور خانگی عمارتوں بشمول تعلیمی اداروں کا استعمال کریں جہاں ٹیکہ اندازی کے مراکز قائم کئے جائیں ۔ چیف منسٹر سے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلد ویکسین کی خوراک حاصل کرلیں اور کورونا کی کسی بھی علامت کی صورت میں قریبی دواخانہ سے رجوع ہوں ۔ عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ ماسک ، سماجی دوری اور سنیٹائزیشن جیسی احتیاطی تدابیر کو جاری رکھیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں اور اسٹاف سے کہا گیا کہ وہ مستقبل میں کورونا وباء یا موسمی امراض سے نمٹنے اور عوام کی مدد کیلئے تیار رہیں۔ آکسیجن پلانٹس اور بیڈس کی تعداد میں اضافہ پر توجہ دی جائے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ نمس کے احاطہ میں مزید دو ٹاؤرس تعمیر کرتے ہوئے طبی سہولتوں میں اضافہ کیا جائیگا۔ چیف منسٹر نے کارپوریٹ دواخانوں کی طرح سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتوں کی ہدایت دی ۔ اجلاس میں وزرا دیاکر راؤ ، نرنجن ریڈی ، نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، عہدیداروں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی ۔ R