تلنگانہ میں ریزرویشن میں اضافے کا وعدہ پوراہوا:راہول

   

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہیکہ ان کی پارٹی کی حکومت نے تلنگانہ میں دیگر پسماندہ طبقات کیلئے ریزرویشن کی حد 50فیصد کو عبور کرکے تاریخی کام کردیا ہے۔ کانگریس حکومت نے تلنگانہ میں او بی سی ریزرویشن میں اضافہ کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کردیا ہے ۔ ریاست میں سائنسی طریقے سے ہوئی ذات پات پر مبنی مردم شماری سے ملی او بی سی کی اصل تعداد کو قبول کیا گیا ہے اور تعلیم، ملازمت اور سیاست میں ان کی مساوی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے اسمبلی میں 42 فیصد ریزرویشن کا بل پاس کیا گیا ہے ۔ یہ واقعی سماجی انصاف کی سمت میں ایک انقلابی قدم ہے ، جس کے ذریعے ریاست میں ریزرویشن پر 50فیصد کی دیوار بھی گرادی گئی ہے۔ ذات پات پر مبنی سروے کے اعداد و شمار کی مدد سے ہر کمیونٹی کے سماجی اور معاشی حالات کا تجزیہ کرتے ہوئے ایسی پالیسیاں بنائی جائیں گی جس سے سب کی بہتری یقینی ہو۔تلنگانہ حکومت نے اس کیلئے ایک آزاد ماہر گروپ بھی تشکیل دیا ہے۔ راہول نے کہا کہ میں مسلسل کہہ رہا ہوں کہ ایکس رے یعنی ذات پات پر مبنی مردم شماری کے ذریعے ہی پچھڑے اور محروم طبقات کو ان کا مناسب حق مل سکتا ہے۔