تلنگانہ میں زرعی شعبہ نظر انداز، خودکشی کے واقعات میں اضافہ

   

ہنمنت راؤ کا الزام ، کسانوں کے مسائل کے لیے جے اے سی کی تشکیل کا اعلان
حیدرآباد ۔ 12 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ زرعی شعبہ کو نظر انداز کئے جانے کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ہنمنت راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر پر سخت تنقید کی اور کہا کہ انتخابات سے قبل زرعی شعبہ سے جو وعدے کئے گئے تھے ، ان کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ پہلی میعاد میں رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیموں کا اعلان کیا گیا لیکن ان پر عمل آوری نہیں کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کے مسائل پر جدوجہد کرے گی اور کسانوں کو چاہئے کہ وہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں ان سے ربط قائم کریں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ محکمہ مال کی کارکردگی دن بہ دن ابتر ہوچکی ہے، کسانوں کی اراضیات کا ریکارڈ درست کرنے کیلئے عہدیداروں کی جانب سے مسلسل کوتاہی کے نتیجہ میں خودکشی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے اعلان کیا تھا کہ علحدہ تلنگانہ میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات پیش نہیں آئیں گے۔ تلنگانہ میں جئے جوان اور جئے کسان نعرہ پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو پیداوار کی اقل ترین امداد قیمت فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ کسان گزشتہ کئی برسوں سے اپنی اراضیات کا حق حاصل کرنے کیلئے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریونیو عہدیدار کسانوں سے بھاری رقومات حاصل کرنے کے باوجود کسانوں کے مسائل کی یکسوئی سے گریز کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تلنگانہ میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ریونیو عہدیداروں کے روبرو کسانوں کے خوشی کے واقعات افسوسناک ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے کانگریس پارٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دے گی ۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے سلسلہ میں ان سے ربط قائم کریں ۔ کسان ریاست کے کسی بھی حصہ سے فون کریں تو میں ان کیلئے جدوجہد کروں گا۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ کانگریس ہمیشہ کسانوں کے ساتھ رہی ہے اور کانگریس دور حکومت میں کسان خوشحال تھے جبکہ کے سی آر دور حکومت کسانوں اور زرعی شعبہ کیلئے مسائل سے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو انصاف ملنے تک کانگریس جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ جے اے سی کی تشکیل کے بعد احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی ۔