تلنگانہ میں زرعی شعبہ کیلئے علحدہ برقی ڈسٹری بیوشن کمپنی کا قیام

   

مشرف فاروقی صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر، موجودہ دو ڈسکامس کے علاوہ تیسری کمپنی کے قیام کا جی او جاری
حیدرآباد ۔11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے برقی شعبہ میں اصلاحات سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ دو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے علاوہ تیسری پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدہ احکامات جاری کردیئے ۔ تیسری پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کو تلنگانہ رعیتو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ کا نام دیا گیا ہے ۔ نئی کمپنی خالص زرعی شعبہ کو برقی سربراہی پر توجہ مرکوز کرے گی۔ حکومت نے سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین کے طور پر حالیہ عرصہ تک نمایاں خدمات انجام دینے والے آئی اے ایس عہدیدار مشرف فاروقی کو نئی ڈسٹری بیوشن کمپنی کا صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مقرر کیا ہے ۔ ان کے علاوہ چار ڈائرکٹرس کے تقررات عمل میں لائے گئے ۔ حکومت نے زرعی شعبہ کو بہتر طور پر برقی سربراہی یقینی بنانے کیلئے نئی ڈسٹری بیوشن کمپنی قائم کی ہے ۔ موجودہ سدرن اور نارتھن ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے علاوہ نئی قائم کردہ کمپنی زرعی شعبہ میں برقی طلب کی تکمیل پر توجہ مبذول کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ زرعی شعبہ کے تمام کنکشن اور کسانوں کو مفت برقی سربراہی کی ذمہ داری نئی کمپنی کے تحت رہے گی۔ ریاست کے تمام بڑے اور اوسط آبپاشی پراجکٹس کو برقی سربراہ کی جائے گی۔ مشن بھگیرتا ، حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اور بلدی حدود میں برقی سربراہی اسکیم پر عمل آوری نئے ڈسکام کی ذمہ داری ہوگی۔ حکومت نے عام برقی صارفین اور زرعی شعبہ کے لئے علحدہ کمپنیوں کے قیام کے ذریعہ موثر سربراہی یقینی بنانے کی مساعی کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئے ڈسکام کے قیام سے زرعی شعبہ کی شکایات کی یکسوئی ہوگی اور برقی شعبہ میں اصلاحات پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔1