ٹکنالوجی کا بھر پور استعمال ، ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : ریاست تلنگانہ میں سال 2020 ء میں مجموعی طور پر 6 فیصد جرائم میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ڈائرکٹرجنرل پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہندر ریڈی نے سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال 1,50,922 مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ سال 2019 ء میں 1,60,571 مقدمات درج کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جرائم کے شرح کو تقابل کرنے پر مجموعی طور پر 6 فیصد جرائم کے شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران تلنگانہ پولیس نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی عوام دوست اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قتل ، ڈکیتی ، رہزنی ، سرقہ اور دیگر سنگین جرائم میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ سال 2020 ء میں خواتین کے خلاف جرائم میں 1.91 کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں 14,853 مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال 15,143 مقدمات درج کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عصمت ریزی کے واقعات میں تقریباً ملزمین متاثرہ خواتین سے جان پہچان رکھنے والے ہیں ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ سال 2020 ء میں تلنگانہ پولیس نے مسروقہ مال کی برآمدگی کے سلسلہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برآمدگی کی شرح کو 54 فیصد تک پہنچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال 15,934 افراد کے لاپتہ ہونے کا مقدمات درج کئے گئے تھے اور 13,376 افراد کا کامیاب طور پر پتہ لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قتل کے مقدمات میں بھی پولیس نے خاطیوں کو سزاء دلانے میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس سلسلہ میں 48.5 فیصد سزاء کے شرح میں اضافہ ہوا ہے ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں ریاست بھر میں 6 لاکھ 65 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ان کا مقصد جملہ 13 لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کیمروں کی مدد سے جرائم کے واقعات حل کرنے میں مثبت ثابت ہورہے ہیں کیونکہ سی سی ٹی وی فوٹیجس کی مدد سے جاریہ سال 4,490 معاملے حل کئے گئے ہیں ۔ مسٹر مہندر ریڈی نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے تلنگانہ پولیس نے عوام دوست رویہ اختیار کیا ہے اور پولیس عوام کے درمیان موجود رہنے اور ان کی خدمت کیلئے فوری حاضر ہونے کا منشا ہے ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ڈائیل 100 کے تحت لاکھوں فون کالس موصول ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف سخت کارروائی کیلئے پی ڈی ایکٹ جیسے سخت قانون کا استعمال کیا جارہا ہے اور تلنگانہ کو جرائم سے پاک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس سالانہ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر جیتندر ، پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار ، پولیس کمشنر رچہ کونڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت ، پولیس کمشنر سائبر آباد وی سی سجنار ، ہوم سکریٹری روی گپتا اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔
