تلنگانہ میں سروائیکل کیسز کیخلاف HPV ویکسینیشن مہم کا آغاز

   

وزیرصحت دامودھر راج نرسمہا نے کنگ کوٹھی میں افتتاح کیا
حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) حکومت نے خواتین میں سروائیکل کینسر کی روک تھام کیلئے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے ریاست بھر میں ایچ پی او (HPV) ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا ہے۔ ریاستی وزیرصحت دامودھر راج نرسمہا نے ہفتہ کو حیدرآباد کے کنگ کوٹھی ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں اس خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرصحت نے کہا کہ یہ خصوصی ٹیکہ اندازی مہم آج سے شروع ہوئی ہے جو آئندہ تین ماہ تک جاری رہے گی۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ خواتین کی صحت کے تحفظ اور سروائیکل کینسر سے بچاؤ کیلئے ایچ پی وی ویکسین نہایت ضروری ہے اور حکومت اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں ایک ماہ تک یہ ویکسین تمام سرکاری جنرل ہاسپٹلس، ایریا ہاسپٹلس اور کمیونٹی ہیلت سنٹرس (CHCS) میں دستیاب ہوگی۔ اس کے بعد دوسرے مرحلے میں ریاست کے تمام پرائمری ہیلت سنٹرس (PHCS) میں بھی فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو فائدہ پہنچ سکے۔ طبی ماہرین نے حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام لڑکیوں اور خواتین کو سروائیکل کینسر کے خطرہ سے محفوظ رکھنے میں مؤثر ثابت ہوگا۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اہل خواتین اور لڑکیوں سے اپیل کی ہیکہ وہ قریبی سرکاری ہاسپٹلس سے رجوع ہوکر اس سہولت سے استفادہ کریں۔2