اضافی قیمت کی وصولی پر سخت کارروائی اور لائسنس منسوخ کرنے کا انتباہ
حیدرآباد۔26 ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش کی جانب سے سینما ٹکٹس کی قیمتوں کے تعین اور ان میں کمی لانے کے اقدامات کے دوران حکومت تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ میں سینما ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ کے اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق تمام درجات کے سینما گھروں میں ٹکٹ کی اقل ترین اور اعظم ترین قیمتوں کا تعین کیاگیا اور جاری کردہ احکامات سے اضافہ قیمتوں کی وصولی پر سخت انتباہ دیا جارہاہے اور کہا جا رہاہے کہ اگر کسی تھیٹر کی جانب سے سرکاری احکامات میں دی گئی قیمتوں سے زیادہ قیمت میں ٹکٹ فروخت کئے جاتے ہیں تو ان کے لائسنس کی تنسیخ کی جائے گی۔ سرکاری احکاما ت کے مطابق نان ائیر کنڈیشن تھیٹر میں ٹکٹ کی اقل ترین قیمت 30روپئے ہوگی جبکہ 70روپئے اعظم ترین قیمت ہوگی اسی طرح ائیر کولڈ تھیٹر میں کم سے کم ٹکٹ 50 روپئے میں فروخت کیا جائے گا جبکہ انہیں 150 روپئے کا ٹکٹ زیادہ سے زیادہ میں فروخت کرنے کی اجازت حاصل رہے گی۔ ریکلائنر سیٹس والی سنگل تھیٹر میں زیادہ سے زیادہ 200 روپئے ٹکٹ کے وصول کئے جاسکتے ہیں۔ خصوصی ‘ آئی میکس‘ بڑے اسکرین والی جو 75 فیٹ اور اس سے زائد ہیں اور سنگل اسکرین چلا رہے ہیں ان تھیٹرس میں 250 روپئے اعظم ترین ٹکٹ وصول کیاجاسکتا ہے۔ ملٹی پلکس تھیٹرس میں کم از کم ٹکٹ 100روپئے میں فروخت کیا جائے گاجبکہ زیادہ سے زیادہ 250روپئے کا ٹکٹ فروخت کیا جاسکتا ہے۔ ملٹی پلکس میں موجود ریکلائنر سیٹس والی تھیٹر میں 300 روپئے ٹکٹ وصول کرنے کی گنجائش حاصل رہے گی ۔ حکومت کی جانب سے متعین کی گئی ان ٹکٹکی قیمتوں کے ساتھ مینٹینس کے لئے وصولی جانے والی قیمتو ںکا بھی تعین کیا گیا ہے اور تمام نان ائیر کنڈیشن تھیٹر 3روپئے فی ٹکٹ مینٹینس کے لئے وصول کرسکتے ہیں جبکہ ائیر کنڈیشن اور ائیر کولڈ تھیٹرس کو 5 روپئے تک وصول کرنے کی اجازت حاصل رہے گی۔ٹکٹ کی قیمتوں اور مینٹینس پر جی ایس ٹی علحدہ عائدکیا جائے گا اور جی ایس ٹی کے ساتھ مجموعی طور پر تھیٹر انتظامیہ ٹکٹس کی فروخت کا مجاز ہوگا لیکن انہیں مام تفصیلات ٹکٹس پر درج کرنی ہوںگی تاکہ خریدار کو جی ایس ٹی اور ٹکٹ کی قیمت کا اندازہ ہوسکے۔م