کے سی آر کالیشورم کمیشن کے روبرو پیش ہوں، پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کا انکشاف
حیدرآباد : 4 جون (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ سیاسی بقا کیلئے کے سی آر خاندان ڈرامہ بازی کررہا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ کویتا کا مکتوب اور افراد خاندان میں اختلافات محض ایک ڈرامہ ہے تاکہ تلنگانہ میں دوبارہ عوامی تائید اور ہمدردی حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے بی آر ایس کو اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو کویتا کا مکتوب اور علیحدہ دھرنے کا اہتمام کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی کے وقار کو بچانے کیلئے ہر کوئی متحرک ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویتا کو واضح کرنا چاہئے کہ کے سی آر کے اطراف شیاطین کون ہیں؟ دراصل جائیداد اور اثاثہ جات کیلئے کے سی آر خاندان میں جنگ دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بی آر ایس کے اس ڈرامے پر توجہ نہیں دے گی اور حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا کھیل ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے ڈرامے پر عوام اور میڈیا نے بھی توجہ دینا بند کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم کمیشن نے کے سی آر، ہریش رائو اور راجندر کو نوٹس جاری کی ہے اور ان قائدین کو کمیشن سے رجوع ہوکر سوالات کا جواب دینا چاہئے۔ جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی تحقیقات غیر جانبدارانہ طور پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی تحقیقات سے بچنے کیلئے کے سی آر تاریخ کو ٹالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بھاری کمیشن حاصل کرنے کا الزام ہے۔ ویجلنس کمیشن اور نیشنل ڈیام سیفٹی اتھاریٹی نے بھی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور سرکاری اسکیمات پر موثر انداز میں عمل کیا جارہا ہے۔ 1