تلنگانہ میں سیکوریٹی کمیشن اور پولیس کمپلینٹس اتھاریٹی کا قیام

   

Ferty9 Clinic

جسٹس افضل پورکر صدرنشین ہوں گے، حیدرآباد اور رنگا ریڈی زون کیلئے علحدہ اتھاریٹی
حیدرآباد۔9 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اسٹیٹ سیکوریٹی کمیشن کی تشکیل عمل میں لائی ہے ۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ پولیس کمپلینٹس اتھاریٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق وزیر داخلہ کو بااعتبار عہدہ صدرنشین مقرر کرتے ہوئے اسٹیٹ سیکوریٹی کمیشن قائم کیا گیا۔ کمیشن کے دیگر ارکان میں این آنند راؤ رکن انسانی حقوق کمیشن اور چیف سکریٹری سومیش کمار شامل ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی بااعتبار عہدہ سکریٹری ہوں گے۔ حکومت نے سابق وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر تروپتی راؤ اور ایڈیٹر تلنگانہ ٹوڈے کے سرینواس کو کمیشن کے پیانل ممبرس کے طور پر نامزد کیا ہے۔ ریاستی سطح پر اسٹیٹ پولیس کمپلینٹس اتھاریٹی اور حیدرآباد اور ورنگل ریجن کے لئے دو علحدہ ڈسٹرکٹ پولیس کمپلینٹس اتھاریٹیز کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ جسٹس ولاس وی افضل پورکر ریٹائرڈ جج ہائی کورٹ کو اسٹیٹ پولیس کمپلینٹس اتھاریٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا۔ ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار نوین چند رکن اور ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس لاء اینڈ آرڈر ممبر سکریٹری ہوں گے۔ ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ جج کے سنگا ریڈی کو ڈسٹرکٹ پولیس کمپلینٹس اتھاریٹی حیدرآباد ریجن کا صدرنشین مقرر کیا گیا جبکہ ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار اے وینکٹیشور راؤ رکن اور انسپکٹر جنرل پولیس ویسٹ زون ممبر سکریٹری ہوں گے۔ ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ جج ایم وینکٹ راما راؤ کو ڈسٹرکٹ پولیس کمپلینٹس اتھاریٹی ورنگل ریجن کا صدرنشین مقرر کیا گیا ۔ ریٹائرڈ ایڈیشنل کمشنر جے لکشمی نارائنا رکن اور انسپکٹر جنرل پولیس نارتھ زون ممبر سکریٹری ہوں گے ۔ دونوں کمیٹیوں کے گائیڈلائنس اور دیگر شرائط کی علحدہ طور پر اجرائی عمل میں آئے گی ۔ واضح رہے کہ اتھاریٹی کی تشکیل میں تاخیر پر عدالت نے حکومت سے سرزنش کی تھی ۔