عوام ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کا وقت قریب
حیدرآباد۔/10اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی جے پی قائداور سابق وزیر ڈی کے ارونا نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں کے سی آر خاندان کے علاوہ کسی دوسرے کو فائدہ نہیں ہوا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی کے ارونا نے کہا کہ گزشتہ 5 برسوں میں حکومت نے صرف وعدے کئے لیکن عوام کا کوئی بھلا نہیں ہوا برخلاف اس کے اقتدار کا مکمل فائدہ کے سی آر کے خاندان کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں میں حکومت نے پنچایتوں کو ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا۔ بجٹ کے خرچ کے سلسلہ میں سرپنچ اور اپ سرپنچ کے درمیان حکومت نے اختلافات پیدا کردیئے ہیں۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ وعدوں کی عدم تکمیل پر عوام کی جانب سے کے سی آر کو سبق سکھانے کا وقت آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے وہ سرپنچوں کے حقوق کا تحفظ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے اور قائدین دوسری پارٹیوں کا رُخ کررہے ہیں۔ دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت خصوصی توجہ دے گی اور 2023 تک بی جے پی تلنگانہ میں مضبوط طاقت بن کر اُبھرے گی۔
