دفاعی صنعت و پیداوارکیلئے حیدرآباد کو تاریخی اہمیت ، ہند ۔ امریکہ کانگریس سے کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے چہارشنبہ کو کہا کہ حکومت تلنگانہ اس ریاست میں بہت جلد ایک عالمی معیارکی خلائی و دفاعی یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ بنارہی ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے ہند۔ امریکہ دفاعی تعلقات پر ایک کانگریس کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ سارے ہندوستان میں ایک تیز رفتار ترقی کرنے والی ریاست کی حیثیت سے اُبھری ہے۔ 2018-19 میں ریاست کی مجموعی شرح پیداوار 14.9 فیصد رہی ۔ ہندسوتان چونکہ ایک وفاقی ملک ہے جہاں چند ایسی ترقی پسند ریاستیں ہیں جو صنعتی رفاقت کے لئے بہتر ماحول کی پیشکش کرتی ہیں، اس دوڑ میں تلنگانہ سب سے آگے ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ صنعتکاری و تجارت کیلئے ساز گار ماحول کی فراہمی سے متعلق عالمی بینک کی رینکنگ میں تلنگانہ لگاتار دو سال سے سرفہرست رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہماری صنعتی پالیسی ٹی ایس ۔ آئی پاس ملک بھر میں بہترین قرار دی گئی ہے۔ حیدرآباد تاریخی اعتبار سے دفاعی طاقتور صنعتی پیداوار کے معاملہ میں سازگار مقام ہے جہاں ڈی آر ڈی او اور عوامی شعبہ سے وابستہ زائد از ایک درجن ادارے موجود ہیں۔ تلنگانہ میں خلائی و دفاعی شعبہ نے گزشتہ پانچ سال کے دوران فقید المثال ترقی کی ہے۔کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ امریکہ کے صدارتی ہیلی کاپٹرس ( سکوسکی )حیدرآباد میں ہی تیار ہورہے ہیں۔ حیدرآباد میںلاک ہیڈ نے حال ہی میں 16جنگی طیاروں کی ونگس ( بازوؤں ) کی تیاری شروع کی ہے ۔ بوئنگ اپاچے لڑاکا ہیلی کاپٹرس اور چنوک ہیلی کاپٹرس حیدرآباد میں بنائے جارہے ہیں اور اب شہر سے ہی بیرونی ممالک کو برآمد کئے جارہے ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ میں سیاسی و فوجی بیورو کے نائب مددگار معتمد جوئیل اسٹاو نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان باہمی دفاعی تعلقات مستحکم ہیں اور مزید مضبوط ہورہے ہیں۔ امریکی قونصل جنرل جوئیل ریفمین نے کلیدی خطبہ دیا اور کہا کہ اس کانفرنس سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
