تلنگانہ میں عنقریب مزید 40,000 سرکاری جائیدادوں پر تقررات: ریونت ریڈی

   

دو سال میں ایک لاکھ تقررات کا نشانہ، حسن آباد میں 262 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد، جلسہ عام سے خطاب

حیدرآباد۔ 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ بہت جلد مزید 40,000 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ حکومت کے دو سال کی تکمیل کے ضمن میں دورۂ اضلاع کے تحت ریونت ریڈی نے آج کریم نگر ضلع کے حسن آباد اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا۔ چیف منسٹر نے 262 کروڑ کی لاگت سے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ تحریک میں کریم نگر ضلع نے اہم رول ادا کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے کریم نگر میں عوام سے علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا وعدہ کیا تھا اور اس وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے نئی ریاست تشکیل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں طلبہ اور نوجوانوں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے کانگریس حکومت نے اقتدار کے پہلے سال 60,000 جائیدادوں پر تقررات کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دو سال کی تکمیل تک جملہ ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کانگریس دور حکومت میں ہوئی جبکہ بی آر ایس حکومت نے ضلع کی ترقی کو نظرانداز کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کو خوشحال بنانے کے لئے تلنگانہ حکومت نے دو برسوں میں ایک لاکھ کروڑ خرچ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ 3.10 کروڑ افراد کو راشن پر باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ اندراماں ہاوزنگ اسکیم پر 22500 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ، سرسلہ میں شروع کئے گئے پراجکٹس مکمل ہوچکے ہیں جبکہ حسن آباد میں آبپاشی پراجکٹ کا کام ابھی باقی ہے۔ چیف منسٹر نے پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کا بھروسہ دلایا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء پونم پربھاکر، ٹی ناگیشور راؤ، جی ویویک وینکٹ سوامی، سریدھر بابو، اے لکشمن کمار اور کریم نگر سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندے اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی مجوعی ترقی کے لئے عالمی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے گلوبل سمٹ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور عالمی سطح کی شخصیتوں کو سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ گلوبل سمٹ سے تلنگانہ ترقی کے شعبہ میں عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پنچایت راج چناؤ کے انتخابات میں عوام کو ایسے امیدواروں کو ترجیح دینی چاہئے جو گاؤں کی ترقی کو یقینی بناسکیں۔ انہوں نے خدمت کا جذبہ رکھنے والے قائدین کو سرپنچ اور وارڈ ممبر منتخب کرنے کی اپیل کی۔ 1