7 لاکھ نئے راشن کارڈس کی اجرائی، فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ سرفہرست، نلگنڈہ اور بھونگیر میں عام جلسوں سے خطاب
حیدرآباد۔ 29 جولائی (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی نظامِ تقسیم کے تحت 3.15 کروڑ خاندانوں کو فوڈ سیکوریٹی اسکیم کے تحت شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت فوڈ سیکوریٹی کے علاوہ سماجی انصاف کے تحت ریاست کی آبادی کے 80 فیصد کا احاطہ کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آج نلگنڈہ ضلع میں نئے راشن کارڈس کی تقسیم سے متعلق تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کوئی اور ریاست تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ اتم کمار ریڈی نے ناگرجنا ساگر، حضور نگر، نکریکل، پوچم پلی اور دیگر منڈلوں کا احاطہ کیا جو بھونگیر، نلگنڈہ حلقہ جات کا حصہ ہیں۔ وزیر ایس سی ویلفیر کے لکشمن کمار، پرنسپل سکریٹری سیول سپلائز ڈی ایس چوہان اور مقامی ارکان اسمبلی شریک تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے راشن کارڈس پر باریک چاول کی سربراہی کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 جولائی 2025 تک تلنگانہ میں راشن کارڈس کی تعداد 9790967 درج کی گئی جن کے تحت 31544932 افراد کا احاطہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری 2025 سے ابھی تک 795685 نئے راشن کارڈس جاری کئے گئے اور 1137622 افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 6 ماہ کے دوران راشن کارڈس کے استفادہ کنندگان میں 3397357 افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مستحق غریب خاندان فلاحی اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس حکومت نے نئے راشن کارڈس کی اجرائی پر توجہ نہیں دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہر ماہ فی کس 6 کیلو باریک چاول کی سربراہی سے 1.85 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات کے ساتھ ساتھ حکومت ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار نے کہا کہ کمزور طبقات کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پسماندہ طبقات کے لئے 42 فیصد تحفظات فراہم کئے جارہے ہیں۔ 1